تاریخ شائع کریں2024 23 March گھنٹہ 12:03
خبر کا کوڈ : 629255

آج ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

صدر مملکت پریڈ کا معائنہ کریں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی ہوگا اور فلوٹ مظاہرہ کریں گے جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی جائے گی۔
آج ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں ہوگی، جہاں مسلح افواج کے دستے اپنی بھرپور طاقت اور نظم کا مظاہرہ کریں گے۔

افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری ہوں گے جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوں گے۔

شکرپڑیاں پریڈ گراونڈ میں تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیرسمیت سروسزچیف موجود ہوں گے، اس کے علاوہ وفاقی وزرا ارکان اسمبلی اور پاکستان میں غیرملکی سفرا شرکت کریں گے۔

پاک فوج کے مختلف یونٹوں کے دستے سلامی پیش کریں گے جبکہ پاک فضائیہ کے جدید طیارے جے ایف 17، ایف سولہ اور میراج طیارے فضائی مظاہرہ کریں گے۔

صدر مملکت پریڈ کا معائنہ کریں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی ہوگا اور فلوٹ مظاہرہ کریں گے جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی جائے گی۔

اس کے علاوہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

یوم پاکستان کیا ہے؟

یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔

یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔
https://taghribnews.com/vdciw3aqwt1arr2.s7ct.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ