تاریخ شائع کریں2023 29 April گھنٹہ 10:57
خبر کا کوڈ : 591661

عمران خان کی موجودہ حکومت پر کڑی تنقید

اگر حکمرانوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی تو پوری قوم آئین اور عدالت عظمیٰ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور نمائندوں کے انتخاب اور ووٹ کے بنیادی حق کے حصول کے لیے پرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلے گی
عمران خان کی موجودہ حکومت پر کڑی تنقید
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں کہ انتخابات سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئینِ پاکستان کے مطابق نہ ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئر میں عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے زمان پارک کے باہر بیٹھے کارکنوں سے خطاب کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ’اگر حکومت ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کروانا چاہتی ہے تو اسے اگلے ہفتے انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’حکومت دراصل لندن پلان کی ضمانتوں پر عمل درآمد کا انتظار کر رہی ہے جس کے تحت مجھے قید یا قتل کردیا جائے گا اور سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے خلاف تمام مقدمات ختم کردیے جائیں گے‘۔

حکمرانوں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے سوال کیا کہ یہ لوگ اُس وقت کون سی جادو کی چھڑی لہرائیں گے اور حالات ٹھیک کردیں گے؟

پی ٹی آئی سربراہ نے نواز شریف کے خلاف کیسز بند کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کس قانون کے تحت ہوگا، نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے سزا سنائی گئی تھی اور وہ جھوٹ بول کر مفرور ہیں، جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر وزیراعظم شہباز شریف کو بھی نااہل قرار دیا جانا چاہیے۔

مستقبل قریب میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے تجویز پیش کی کہ ’انتخابات کے انعقاد اور نئی حکومت کی تشکیل تک مجھے اور نواز شریف کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے ملک سے بھاگ جائیں گے کیونکہ ان کی جائیدادیں، کاروبار، علاج معالجہ اور خریداری بیرون ملک ہے۔

عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکمران لوٹی ہوئی دولت اور سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے دیا گیا این آر او-2 بچانے کے لیے عوام کو ووٹ ڈالنے اور اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کے بنیادی حق سے محروم کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں پر تشدد میں اضافہ کر دیا ہے، وزیر آباد میں قاتلانہ حملے کا منصوبہ بنا کر مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی جس کے بعد جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ایسا ایک اور منصوبہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران انتخابات کے انعقاد سے صرف اس لیے خوف زدہ ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ہم عوام کے ووٹوں سے جیتیں گے اور پھر ان کی لوٹ مار کا احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف 7 سے آٹھ افراد 8 کا ایک گروہ اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے ملک کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے، کیا بااختیار قوتیں یہ نہیں دیکھ رہیں کہ پاکستان تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکمرانوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی تو پوری قوم آئین اور عدالت عظمیٰ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور نمائندوں کے انتخاب اور ووٹ کے بنیادی حق کے حصول کے لیے پرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلے گی۔
https://taghribnews.com/vdch-znmz23nw-d.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ