تاریخ شائع کریں2020 2 August گھنٹہ 19:26
خبر کا کوڈ : 471286

امریکہ اور یورپی ممالک ایران کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیاں انجام دینے میں مصروف ہیں۔

مغربی و یورپی ممالک ایران مخالف ٹولوں کی مالی مدد و حمایت اور میزبانی کا سلسلہ بند کریں۔ جواد ظریف
امریکہ اور یورپی ممالک ایران کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیاں انجام دینے میں مصروف ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مغربی و یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشتگرد اور ایران مخالف ٹولوں کی مالی مدد و حمایت اور میزبانی کا سلسلہ بند کریں۔ فارس نیوز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا یہ بیان ایران کے انٹیلی جینس ادارے کے جانبازوں کے ہاتھوں امریکا میں قائم انقلاب دشمن دہشت گرد گروہ ٹھنڈر کے سرغنہ کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا ہے ۔ 

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ دہشتگرد اور ایران کے انقلاب مخالف ٹولوں نے امریکہ اور یورپی ممالک میں اپنے اڈے قائم کر رکھے ہیں اور وہ وہاں سے ایران کے خلاف دہشتگردانہ سرگرمیاں انجام دینے، عام شہریوں کی جان لینے اور ملک میں بلوا و فساد پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی سرکردگی میں مغربی ممالک کی جانب سے ایران میں اسلامی نظام کے خاتمے کے خواہاں دہشتگرد ٹولوں کی ہونے والی حمایت پر رد عمل دکھاتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ مغربی ممالک دہشتگردوں کی مالی مدد اور ان کی میزبانی کا سلسلہ بند کریں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے یورپ اور امریکہ میں اپنے اڈے بنا رکھے ہیں اور وہ وہاں سے ایران کے اندر قتل و غارت گری اور بلوے کے منصوبے تیار کرتے ہیں اور پوری بے شرمی کے ساتھ ایران میں عام شہریوں کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کو ایران میں عوام کے خلاف تخریب کارانہ، دہشتگردانہ اور مسلح کارروائیاں کرنے والے ٹولوں کی حمایت کا جواب دینا ہو گا۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے دہشتگرد گروہ ٹھنڈر  کے سرغنہ جمشید شارمہد کی گرفتاری پر ایران کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی کوششوں کو  خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت ایک طرف ایرانی عوام کی حمایت کا دعوی کرتی ہے اور دوسری طرف اپنی ہی سرزمین کے اندر ایرانی عوام کے قتل میں ملوث دہشتگرد گروہوں کو پناہ دیتی ہے اور ان کی مختلف طرح سے  پشت پناہی بھی کرتی ہے۔ انہوں نے امریکی حکومت کے اقدامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ  وائٹ ہاؤس کو امریکا میں موجود دہشت گردوں کے ذریعے ایرانی عوام کے خلاف تخریب کارانہ، دہشتگردانہ اور مسلح کارروائیوں کے اقدامات کا جواب دینا ہوگا -

واضح رہے کہ ایران کی انٹیلی جینس نے ایک نہایت ہی پیچیدہ آپریشن کرتے ہوئے ٹھنڈر نامی دہشت گرد گروہ کے سرغنہ جمشید شارمہد کو دبوچ  لیا ہے۔ اس دہشتگرد ٹولے کا ہیڈکوارٹر امریکہ میں ہے اور وہ ایران میں مسلحانہ اور تخریبی کارروائیوں کی سربراہی کرتا ہے گزشتہ دہائیوں کے دوران جمشید شارمہد ایران میں مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
https://taghribnews.com/vdch6znk-23nqid.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ