تاریخ شائع کریں2020 13 July گھنٹہ 16:45
خبر کا کوڈ : 469129

رواں سال مملکت میں مقیم افراد ہی حج کر سکیں گے، سعودی حکومت

سعودی عرب، وزارت حج و عمرہ نے ملک میں مقیم ایک سو ساٹھ ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لئے منتخب کیا ہے۔
رواں سال مملکت میں مقیم افراد ہی حج کر سکیں گے، سعودی حکومت
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ملک میں مقیم ایک سو ساٹھ ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لئے منتخب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک سو ساٹھ ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی تحقیقات کے بعد سعودی عرب کی وزارت حج نے رواں برس حج کے لیے ناموں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ٹوئٹر پر حرمین شریفین کے بیان میں کہا گیا کہ ہے وزارت حج نے سعودی عرب میں مقیم ایک سو ساٹھ ممالک کے شہریوں کو حج کے لیے چُن لیا ہے اور تمام منتخب امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دے دی گئی ہے۔

حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ دس جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔ حج پر مشرف ہونے والے عازمین میں ستر فیصد کا تعلق بیرون ممالک سے ہوگا جبکہ تیس فیصد سعودی عرب کے ہی شہری ہوں گے۔

سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اٹھائیس ذیقعدہ سے بارہ ذی الحجہ تک بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر دس ہزار سعودی ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے چوبیس جون کو اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عازمین کی تعداد کو محدود رکھتے ہوئے صرف سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
https://taghribnews.com/vdcauonyo49ni61.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ