تاریخ شائع کریں2020 25 June گھنٹہ 19:03
خبر کا کوڈ : 467177

پاکستان میں پھنسے 748 بھارتی شہریوں کی واپسی

کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں مقیم 250 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ آج 25 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا لوٹ گیا ہے
پاکستان میں پھنسے 748 بھارتی شہریوں کی واپسی
کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے 748 بھارتی شہریوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے اور 250 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ آج واہگہ بارڈر کے راستے واپس لوٹ گیا ہے۔

کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں مقیم 250 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ آج 25 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا لوٹ گیا ہے، جبکہ 250 بھارتی شہریوں کا دوسرا گروپ 26 جون اور تیسرا گروپ 27 جون کو واپس جائے گا۔ بھارتی شہری اپنے رشتہ داروں سے ملاقات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آئے تھے تاہم لاک ڈاؤن اور پاک بھارت سرحد بند ہونے کی وجہ سے ان کی واپسی نہیں ہوسکی تھی۔

پاکستان میں مقیم 748 افراد میں سے 402 کا تعلق مقبوضہ جموں وکشمیرسے ہے اوریہ زیادہ ترطلبا وطالبات ہیں جو پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، جمعرات کے روزواپس جانے والوں میں زیادہ ترکشمیری شہری ہیں، جبکہ دیگرہندوستانیوں کی بات کی جائے توان میں سے 70 کا تعلق گجرات، 61 مہاراشٹرا، 46 اترپردیش، 38 راجستھان، 36 پنجاب، 26 دہلی، مدھیہ پردیش سے 15 ہریانہ سے 14، تلنگا سے 11، کرناٹکا اورچندی گڑھ سے 6،6 چھتیش گڑھ سے 5، تامل ناڈو سے چار،ویسٹ بنگال سے 3، اتراکھنڈ سے 2، ہماچل سے 2 اورایک شہری کا تعلق بہار سے ہے۔

لاہورمیں مقیم ایک بھارتی فیملی کے رکن سردارستبیرسنگھ نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں تین ماہ بعد واپس اپنے گھر جارہے ہیں۔ سردار ستبیر سنگھ نے بتایا کہ ان کا تعلق امرتسر ہے وہ مارچ میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے لیکن واپسی سے قبل ہی لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی واپسی 27 جون کو ہوگی، انہوں نے اپنے بچوں اور خاندان کے لئے پاکستانی کپڑے اور جوتے خریدے ہیں۔

ایک اور بھارتی شہری سردارہرجیت سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے یہاں قیام کے دوران اپنے کورونا ٹیسٹ کروائے تھے جو نیگیٹو آئے تھے ، واپسی پر اگر ان کے دوبارہ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں تو امید ہے کہ وہ بھی نیگیٹو آئیں گے۔ انہوں نے کہا یہاں قیام کے دوران پاکستانیوں نے جو پیار اور محبت دیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے خود کے کاروبار بند پڑے تھے لیکن انہوں نے ہماری مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

بھارتی سکھ فیملی کے میزبان سرداربشن سنگھ کا کہنا تھا ہمیں خوشی ہے کہ مہمان اب واپس اپنے ملک جارہے ہیں، یہاں قیام کے دوران ہم ان کی جوخدمت کرسکتے تھے وہ کی ہے ، مہمان رب کی رحمت ہوتے ہیں ہم نے انہیں کبھی بھی بوجھ نہیں سمجھا، ان کے لئے ادویات کا مسلہ تھا لیکن وہ بھی کسی نہ کسی طریقے سے حل کرلیا تھا۔

بھارتی سکھ فیملی نے بتایا کہ انہوں نے یہاں قیام کے دوران مختلف گوردواروں پر ماتھا ٹیکا ہے تاہم لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ عرصہ وہ گھرمیں ہی مقیم رہے اورپاکستانی قوانین کی پاسداری کرتے رہے ہیں۔
https://taghribnews.com/vdcbzzbazrhb08p.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ