تاریخ شائع کریں2017 9 August گھنٹہ 12:57
خبر کا کوڈ : 278771

فاٹا میں خودکش حملہ/ میجر سمیت چار فوجی اہلکار مارے گئے

ملتان میں فائرنگ سے انٹیلیجنس ایجنسی کا اہلکار جاں بحق
پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران 3 میں سے ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،
فاٹا میں خودکش حملہ/ میجر سمیت چار فوجی اہلکار مارے گئے
پاکستان کی وفاقی حکومت کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران خود کش دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک میجر سمیت 4 اہلکار مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کا آغاز کیا۔

پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران 3 میں سے ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں آپریشن کی سربراہی کرنے والے میجر علی سلمان، حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر علی سلمان کا تعلق خفیہ ادارے سے تھا۔ آئی ایس پی آر بیان کے مطابق جھڑپ کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک اور ایک کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بعد ازاں شہید میجر علی سلمان اور حوالدار اختر کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ادا کر دی گئی، جس میں کور کمانڈر پشاور، انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ پاک فوج نے گذشتہ ماہ 17 جولائی کو وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کے سب سے مشکل علاقے راجگال میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے رد الفساد کے تحت آپریشن خیبر فور کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

آئی ایس پی آر ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ پاک فوج نے آپریشن کا آغاز 2009 میں کیا تھا، جس میں پہلے باجوڑ، سوات اور اب مہمند ایجنسی کو کلیئر کیا گیا، ان کا دعویٰ تھا کہ 2014 میں شروع کیے گئے آپریشن ضرب عضب کے تحت اب تک سارا علاقہ کلیئر کرایا جاچکا ہے۔

دوسری جانب جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کے کنٹونمنٹ بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے انٹیلی جنس ایجنسی کا اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مہر محمد یاسر منظور موٹر سائیکل پر کنٹونمنٹ بازار سے گزررہے تھے کہ ایک گاڑی میں موجود حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، واقعے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
https://taghribnews.com/vdcbzwb58rhbzzp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ