تاریخ شائع کریں2018 23 March گھنٹہ 18:35
خبر کا کوڈ : 320191

۲۳ مارچ یوم پاکستان کی تقریبات ملی جوش و جذبے سے منائی گئیں

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ اور فضائیہ کا ایئر شو بھی ہوا
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا
۲۳ مارچ یوم پاکستان کی تقریبات ملی جوش و جذبے سے منائی گئیں
پاکستان میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مرکزی تقریب جاری ہے۔ یوم پاکستان کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا جب کہ اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں جاری مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہیں۔ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات کی فوج کے دستے نے بھی تقریب میں پہلی مرتبہ شرکت کی۔ صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس روز فیصلہ ہوا تھا کہ غاصبانہ طاقتوں کو شکست دے کر اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے، ہم اس خواب کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران خطے میں تبدیل ہونے والی تبدیلیوں اور جنگ و جدل نے خطے کا استحکام متاثر کیا جس کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفسار کے ذریعے اس چینلج کا بھرپور مقابلہ کیا۔ صدر پاکستان نے کہا کہ لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن بحال ہوچکا ہے، کامیابی کے اس سلسلے کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ دہشتگردی کا عفریت پھر سر نہ اٹھاسکے۔

صدر ممنون نے پڑوسی ملک بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو خبردار کرتا ہوں، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جاسکتا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے ملک میں قیام امن کے لئے قربانیاں دینے والوں کے لئے تمغہ عزم کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ اور فضائیہ کا ایئر شو بھی ہوا، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی برآمد ہوئے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ سیکیورٹی مقاصد کے تحت اسلام آباد میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں بھی خصوصی تقریب ہوگی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یوم پاکستان کے حوالے سے صوبائی دارالحکومتوں میں بھی خصوصی تقاریب ہوں گی۔ یاد رہے کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور میں قرارداد مقاصد کے ذریعے علیحدہ وطن پاکستان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
https://taghribnews.com/vdcf1xdmyw6d0ya.k-iw.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ