QR codeQR code

تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات

جماعت اسلامی پاکستان کے وفد کا جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ

جماعت اسلامی کے وفد کو جامع مسجد بیت العتیق، ہسپتال، سکول اور لائبریری سمیت جامعہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا

19 Feb 2019 گھنٹہ 20:50

لیاقت بلوچ نے علامہ سید جواد نقوی کو منصورہ کے دورے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی منصورہ کا دورہ کریں گے۔


جماعت اسلامی پاکستان کے وفد نے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے وفد کو جامع مسجد بیت العتیق، ہسپتال، سکول اور لائبریری سمیت جامعہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جامعہ کے تعلیمی نظام اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی تعلیمی اور فلاحی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ میں شیعہ سنی اساتذہ کی مشترکہ تدریسی سرگرمیاں اور جدید علوم کو نصاب میں شامل کرنا ایک احسن اقدام ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے جماعت کے وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ پاکستان میں وحدت اور اتحاد امت کیلئے کوشاں ہیں اور وہ تمام مکاتب فکر کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے ہاتھوں بھاری نقصان اٹھایا ہے، جبکہ مستقبل میں دہشتگردی کو اتحاد سے شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو مشترکات پر متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں اور اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کی جانب سے ردعمل حوصلہ افزاء رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے علامہ سید جواد نقوی کو منصورہ کے دورے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی منصورہ کا دورہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 403405

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/403405/جماعت-اسلامی-پاکستان-کے-وفد-کا-جامعہ-عروۃ-الوثقی-دورہ

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com