QR codeQR code

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مسلم امہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں

قبلۂ اول مسجد الاقصی کے ساتھ مسلمانوں کی انتہائی وابستگی ہے اور مسلمان کسی بھی قیمت پر مسجد الاقصی کو نہیں چھوڑ سکتے

7 Jun 2018 گھنٹہ 18:56

علامہ سید محسن تقوی نے کہا کہ عالمی یوم القدس ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت میں میدان میں آئیں اور ظالم و جابر صہیونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کریں


ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے یوم القدس دنیا بھر کے گوشہ و کنار میں انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

ظاہر ہے اس کی اہمیت بیت القدس کے تحفظ، اس کی حرمت اور تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ہے اور اس کے علاوہ فلسطینی مظلوم قوم تقریبا ستر برسوں سے  بےگھر اور بے سرو سامانی کا شکار ہے۔

تقریب نیوز ایجنسی کے مطابق ہندوستان کے معروف عالم دین اور دہلی کی جامع مسجد کشمیری گیٹ کے امام جمعہ علامہ سید محسن تقوی نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت کہ جو ایک نسل پرست حکومت کے مظالم روز بروز بڑھتے جارہے ہیں اور فلسطین کے عوام کے لئے زندگی تنگ کردی گئی ہے اور آج فلسطین کے مظلوم عوام شدید ترین حالات میں زندگی بسر کررہے ہیں اور سرزمین فلسطین پر زندگی کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور خاص طور پر غزہ کے محاصرے کو کئی سال گزر چکے ہیں اور کوئی بھی فلسطینیوں کی مدد کو میدان میں نہیں آرہا۔

علامہ سید محسن تقوی نے کہا کہ عالمی یوم القدس ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت میں میدان میں آئیں اور ظالم و جابر صہیونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کریں۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی جامع مسجد کشمیری گیٹ کے امام جمعہ و الجماعت نے کہا کہ آج تمام مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لئے عالمی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیوں میں شرکت کریں اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور اس حساس دور میں جبکہ بیت المقدس کے خلاف امریکہ کی دشمنی مکمل طور پر آشکار ہوچکی ہے اور امریکہ نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے اور دنیا کے ایک دو ملکوں کے علاوہ تقریبا سبھی ملکوں نے امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی فیصلہ کے خلاف اکثریت آراء سے قرار داد بھی منظو کی ہے۔

علامہ سید محسن تقوی نے مزید کہا کہ امام خمینی رح نے ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کا اعلان کر کے مسئلہ فلسطین کو مسلمانوں کی عبادات اور معنویت سے جوڑ دیا ہے تاکہ مسئلہ فلسطین مسلم امہ کے اولین مسئلہ کے عنوان سے جانا جائے اور اس حوالے سے مسلم امہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔

دہلی کی جامع مسجد کشمیری گیٹ کے امام جمعہ و الجماعت مولانا سید محسن تقوی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے قبلۂ اول مسجد الاقصی کے ساتھ مسلمانوں کی انتہائی وابستگی ہے اور مسلمان کسی بھی قیمت پر مسجد الاقصی کو نہیں چھوڑ سکتے کہا کہ آج فلسطین کو جس مصائب کا سامنا ہے اس کی ایک اہم وجہ تمام مسلمانوں اور فلسطینی عوام کی مسجد الاقصی سے لامتلزلزل مذہبی وابستگی  ہے اور قبلۂ اول مسلمانوں کی شناخت اور پہچھان ہے۔

ہندوستان کے معروف عالم دین علامہ سید محسن تقوی نے کہا کہ عالمی یوم قدس بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کی یاد گار ہے۔ امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اس دن کو پورے اسلامی جوش و خروش کے ساتھ منانے پر تاکید کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں وسیع تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں اور بعض ملکوں خاصطور پر ہندوستان میں تو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی ان ریلیوں میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 335619

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/335619/مسئلہ-فلسطین-کے-حوالے-سے-مسلم-امہ-اپنی-ذمہ-داریوں-پر-عمل-کریں

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com