QR codeQR code

پاکستان کی مذہبی جماعتیں حکومت گرانے کے لئے سرگرم

بھرپور احتجاج اور مظاہروں کا اعلان کردیا گیا/ مختلف شہروں میں دھرنوں کا امکان

3 Jan 2018 گھنٹہ 10:54

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر قانون اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نزدیکی ساتھی رانا ثناءاللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر قانون اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نزدیکی ساتھی رانا ثناءاللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے دینی جماعتیں ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئی ہیں۔ پاکستان سنی تحریک، تحریک صراط مستقیم اور تحریک لبیک نے ایک بار پھر احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی تحریک صراط مستقیم نے فیصلہ کیا ہے کہ 4 جنوری کو لاہور میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق علامہ اشرف آصف جلالی کا کہنا ہے کہ دھرنا ختم کروانے کیلئے حکومت نے ہمارے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے، ہم حکومتی رویے کے باعث مجبور ہو کر دوبارہ سڑکوں پر آ رہے ہیں۔ تحریک صراط مستقیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک 4 جنوری کو "ختم نبوت مارچ" کیا جائے گا۔

ادھر تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) نے شہدائے فیض آباد کے چہلم کے موقع پر 4 جنوری کو اسلام آباد میں اپنی پاور شو کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے ساتھ کئے جانیوالے معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا، لیکن ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، ہم حرمت رسول کیلئے کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4 جنوری کو اسلام آباد میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ادھر پاکستان سنی تحریک نے بھی اسلام آباد سے کراچی تک ٹرین مارچ کا اعلان کیا ہے۔ ٹرین مارچ 5 جنوری کو اسلام آباد سے شروع ہوگا۔ ہر ریلوے سٹیشن پر مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا جائے گا۔ ٹرین مارچ کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی ڈیڈلائن دے رکھی ہے جبکہ پیر سیالوی نے بھی لاہور میں احتجاج کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ جنوری پنجاب حکومت پر بہت بھاری ہے، اگر حکومت نے اس دباؤ کو ہینڈل کر لیا تو اپنی مدت پوری کر لے گی بصورت دیگر حکومت وقت سے پہلے ہی ختم ہو جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 303082

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/303082/پاکستان-کی-مذہبی-جماعتیں-حکومت-گرانے-کے-لئے-سرگرم

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com