QR codeQR code

وفات حضرت ابوطالب (علیه السلام)

15 Dec 2017 گھنٹہ 16:36


ہم یہا ں پر ان بہت سے دلائل میں سے جو واضح طور پر ایمان ابوطالب کی گواہی دیتے ہیں کچھ دلائل مختصر طور پر فہرست وار بیان کرتے ہیں، تفصیلات کے لئے ان کتابوں کی طرف رجوع کریں جو اسی موضوع پر لکھی گئی ہیں ۔

۱۔ حضرت ابو طالب پیغمبر اکرم صلّی الله علیہ وآلہ وسلّم کی بعثت سے پہلے خوب اچھی طرح سے جانتے تھے کہ ان کا بھتیجہ مقام نبوت تک پہنچے گا کیوں کہ مورخین نے لکھا ہے کہ جس سفر میں حضرت ابو طالب قریش کے قافلے کے ساتھ شام گئے تھے تو اپنے بارہ سال کے بھتیجے محمد کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے ، اس سفر میں انھوں نے آپ سے بہت سی کرامات مشاہدہ کیں، ان میں ایک واقعہ یہ ہے کہ جو نہی قافلہ بحیرا نامی راہب کے قریب سے گزرا جو قدیم عرصے سے ایک گرجے میں مشغول عبادت تھا اور کتب عہدین کا عالم تھا اور تجارتی قافلے اپنے سفر کے دوران اس کی زیارت کے لئے جاتے تھے تو راہب کی نظریں قافلہ والوں میں سے حضرت محمد پر جم کر رہ گئیں ، جن کی عمر اس وقت بارہ سال سے زیادہ نہ تھی۔

بحیرا نے تھوڑی دیر کے لئے حیران وششدر رہنے اور گہری اور پر معنی نظروں سے دیکھنے کے بعد کہا: یہ بچہ تم میں سے کس سے تعلق رکھتا ہے؟ لوگوں نے ابو طالب کی طرف اشارہ کیا، انھون نے بتا یا کہ یہ میرا بھتیجہ ہے ۔

”بحیرا“ نے کہا: اس بچہ کا مستقبل بہت درخشاں ہے، یہ وہی پیغمبر ہے کہ جس کی نبوت ورسالت کی آسمانی کتابوں میں خبر دی ہے اور میں نے اس کی تمام خصوصیات کتابوں میں پڑھی ہے 

(1) ۔ابو طالب اس واقعہ اور اس جیسے دوسرے واقعات سے پہلے دوسرے قرائن سے بھی پیغمبر اکرم صلّی الله علیہ وآلہ وسلّم کی نبوت اور معنویت کو سمجھ چکے تھے ۔

اہل سنت کے عالم شہرستانی (صاحب ملل ونحل) اور دوسرے علماء کی نقل کے مطابق ایک سال آسمان مکہ نے اپنی برکت اہل مکہ سے روک لی اور سخت قسم کے قحط سالی نے لوگوں کا رخ کیاتو ابو طالب نے حکم دیا کہ ان کے بھتیجے محمد کو جو ابھی شیر خوار ہی تھے لایا جائے، جب بچے کو اس حال میں کہ وہ ابھی پوتڑے میں لپٹا ہوا تھا انھیں دیا گیا تو وہ اسے لینے کے بعد خانہٴ کعبہ کے سامنے کھڑے ہوگئے اور تضرع وزاری کے ساتھ اس طفل شیر خوار کو تین مرتبہ اوپر کی طرف بلند کیا اور ہر مرتبہ کہتے تھے:پروردگارا، اس بچہ کے حق کا واسطہ ہم پر برکت والی بارش نازل فرما، کچھ زیادہ دیر نہ گزری تھی کہ افق کے کنارے سے بادل کا ایک ٹکڑا نمودار ہوا اور مکہ کے آسمان پر چھا گیا اور بارش سے ایسا سیلاب آیا کہ یہ خوف پیدا ہونے لگا کہ کہیں مسجدالحرام ہی ویران نہ ہوجائے ، اس کے بعد شہرستانی لکھتا ہے کہ یہی واقعہ جو ابوطالب کے اپنے بھتیجے کے بچپن سے اس کی نبوت ورسالت سے آگاہ ہونے پر دلالت کرتا ہے ان کے پیغمبر پر ایمان رکھنے کا ثبوت بھی ہے اور ابوطالب نے اشعار ذیل اسی واقعہ کی مناسبت سے کہے تھے ۔
وابیض یستقی الغمام بوجھہ ثمال الیتامی عصمة للارامل۔
”وہ ایسا روشن چہرے والا ہے کہ بادل اس کی خاطر سے بارش برستے ہیں وہ یتیموں کی پناہ گاہ اور بیواؤں کے محافظ ہیں“۔
یلوذ بہ الھلاک من آل ھاشم فھم عندہ فی نعمة وفواضل۔
”بنی ہاشم میں سے جو چل بسے ہیں وہ اسی سے پناہ لیتے ہیں اور اسی کے صدقے میں نعمتوں اور احسانات سے بہرہ اندوز ہوتے ہیں“۔
ومیزان عدل لا یخیس شعیرة ووزان صدق وزن غیر ھائل۔
”وہ ایک ایسی میزان عدالت ہے کہ جو ایک جو برابر بھی ادھر ادھر نہیں کرتا اور درست کاموں کاایسا وزن کرنے والا ہے کہ جس کے وزن کرنے میں کسی شک وشبہ کا خوف نہیں ہے“۔
قحط سالی کے وقت قریش کا ابوطالب کی طرف متوجہ ہونا اور ابوطالب کا خدا کو آنحضرت کے حق کا واسطہ دینا شہرستانی کے علاوہ اور دوسرے بہت سے عظیم مورخین نے بھی نقل کیا ہے،علامہ امینی نے اسے اپنی کتاب”الغدیر“ میں ”شرح بخاری“ ”المواہب اللدنیہ“ ”الخصائص الکبری“ ”شرح بہجة المحافل“ ”سیرہ حلبی“ ”سیرہ نبوی“ اور”طلبتة الطالب “ سے نقل کیا ہے(2) ۔

۲۔ اس کے علاوہ مشہور اسلامی کتابوں میں ابو طالب کے بہت سے اشعار ایسے ہیں جو ہماری دسترس میں ہیں، ان میں سے کچھ اشعار ہم ذیل میں پیش کررہے ہیں:۔
واللّٰہ لن یصلوا الیک بجمعہم حتی اوسد فی التراب دفینا ۔
”اے میرے بھتیجے خدا کی قسم جب تک ابطالب مٹی میں نہ سوجائے اور لحد کو اپنا بستر نہ بنا لے دشمن ہرگز ہر گز تجھ تک نہیں پہنچ سکیں گے“۔
فاصدع بامرک ما علیک غضا ضة وابشر بذاک وقر منک عیونا ۔
”لہٰذا کسی چیز سے نہڈر اور اپنی ذمہ داری اور ماموریت کا ابلاغ کر، بشارت دے اور آنکھوں کو ٹھنڈا لے“۔
ودعوتنی وعلمت انک ناصحی ولقد دعوت وکنت ثم امینا
”تونے مجھے اپنے مکتب کی دعوت دی اور مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ تیرا ہدف ومقصد صرف پندونصیحت کرنا اور بیدار کرنا ہے، تو اپنی دعوت میں امین اور صحیح ہی“۔
ولقد علمت ان دین محمد (ص) من خیر ادیان البریة دینا(3) ۔
”میں یہ بھی جانتا ہوں کہ محمد کا دین ومکتب تمام دینوں اورمکتبوں میں سب سے بہتر ہے“۔
اور یہ اشعار بھی انھوں نے ہی ارشاد فرمائے ہیں:
الم تعلموا ان وجدنا محمدا رسولا کموسی خط فی اول الکتب
”اے قریش کیا تمھیں معلوم نہیں ہے کہ محمد موسیٰ علیہ السلام کی مثل ہیں اور موسیٰ علیہ السلام کے مانند خدا کے پیغمبر اور رسول ہیں جن کے آنے کی پیشن گوئی پہلی آسمانی کتابوں میں لکھی ہوئی ہے اور ہم نے اسے پالیا ہے“۔
وان علیہ فی العباد محبة ولا حیف فی من خصہ اللّٰہ فی الحب(4)
”خدا کے بندے اس سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں اور جسے خدا وندتعالیٰ نے اپنی محبت کے لئے مخصوص کرلیا ہو اس شخص سے لگاؤ بے موقع نہیں ہے“۔
ابن ابی الحدید نے جناب ابوطالب کے کا فی اشعار نقل کرنے کرنے کے بعد(کہ جن کا مجموعہ کو ابن شہر آشوب نے ”متشابہاة القران“میں تین ہزار اشعار کہا ہے) کہتا ہے :
ان تمام اشعار کے تمام مطالعہ سے ہمارے لئے کسی قسم کے شک وشبہ کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی کہ ابوطالب اپنے بھتیجے کے دین پر ایمان رکھتے تھے ۔

۳۔ پیغمبر اکرم صلّی الله علیہ وآلہ وسلّم سے نیت سی ایسی احادیث بھی نقل ہوئی ہیں جو آنحضرت کی ان کے فداکار چچا ابوطالب کے ایمان پر گواہی دیتی ہیں، منجملہ ان کے کتاب”ابوطالب مومن قریش“ کے مولف کی نقل کے مطابق ایک یہ ہے کہ جب ابو طالب (علیه السلام) کی وفات ہوگئی تو پیغمبر اکرم نے ان کی تشیع جنازہ کے بعد اس سوگواری کے زمن میں جو اپنے چچا کی وفات کی مصیبت میں آپ کررہے تھے آپ یہ بھی کہتے تھے :
”وابتاہ! واباطالباہ! واحزناہ علیک ،کیف اسلو علیک یا من ربیتنی صغیر-واجبتنی کبیرا،وکنت عندک بمنزلة العین من الحدقہ والروح من الجسد“(5)
ہائے میرے بابا! ہائے ابوطالب! میں آپ کی وفات سے کس قدر غمگین ہوں، کس طرح آپ کی مصیبت کو میں بھول جاؤں، اے وہ شخص جس نے بچپن میں میری پرورش اور تربیت کی اور بڑے ہونے پر میری دعوت پر لبیک کہی، میں آپ کے نزدیک اس طرح تھا جیسے آنکھ خانہٴ چشم میں اور روح بدن میں ۔
نیز آپ ہمیشہ یہ کہا کرتے تھے:
”ما نالت منی قریشا شیئا اکرہہ حتی مات ابو طالب“(6)
”اہل قریش اس وقت تک کبھی میرے خلاف نہ پسندیدہ اقدام نہ کرسکے جب تک ابو طالب کی وفات نہ ہوگی“

۴۔ ایک طرف سے یہ بات مسلم ہے کہ پیغمبر اکرم کو ابو طالب کی وفات سے کئی سال پہلے یہ حکم مل چکا تھا کہ وہ مشرکین کے ساتھ کسی قسم کا دوستانہ رابطہ نہ رکھیں، اس کے باوجود ابو طالب کے ساتھ اس قسم کے تعلق اور مہر محبت کا اختیار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پیغمبر اکرم صلّی الله علیہ وآلہ وسلّم انھیں مکتب توحید کا معتقد جانتے تھے، ورنہ یہ بات کس طرح ممکن ہوسکتی تھی کہ دوسروں کو تو مشرکین کی دوستی سے منع کریں اور خود ابوطالب سے عشق کی حد تک مہر ومحبت رکھیں ۔

۵۔ ان احادیث میں بھی کہ جو اہل بیت پیغمبر کے طرق سے ہم تک پہنچی ہیں حضرت ابوطالب کے ایمان واخلاص کے بڑے کثرت سے مدارک نظر آتے ہیں، کہ جن کا یہاں نقل کرنا طول کا باعث ہوگا، یہ احادیث منطقی اور عقلی استدلال کی حامی ہیں، ان میں سے ایک حدیث جو چھوتھے امام علیہ السلام سے نقل ہوئی ہے اس میں امام علیہ السلام نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ابوطالب مومن تھے؟ جواب دینے کے بعد ارشاد فرمایا:
ان ہنا قوما یزعمون انہ کافر اس کے بعد فرمایا:۔
واعجبا کل العجب ایطعنون علی ابی طالب او علی رسول اللّٰہ (صلّی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم) وقد نہاہ اللّٰہ ان تقر موٴمنة مع کافر غیر آیة من القرآن ولا یشک احد ان فاطمة بنت اسد (رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا) من المومنات الساباقت فانھا لم تزل تحت ابی طالب حتی مات ابو طالب رضی اللّٰہ عنہ“
”یعنی تعجب کی بات ہے کہ بعض لوگ یہ کیوں خیال کرتے ہین کہ ابوطالب کافر تھے، کیا وہ نہیں جانتے کہ وہ کس عقیدہ کے ساتھ پیغمبر اور ابوطالب پر طعن کرتے ہیں، کیا ایسا نہیں ہے کہ قرآن کی کئی آیا ت میں اس بات سے منع کیا گیا ہے (اور یہ حکم دیا گیا ہے کہ) مومن عورت ایمان لانے کے بعد کافر کے ساتھ نہیں رہ سکتی اور یہ بات مسلم ہے کہ فاطمہ بنت اسد رضی اللہ عنہا سابق ایمان لانے والوں میں سے ہیں اور وہ ابوطالب کی زوجیت میں ابو طالب کی وفات تک رہیں“(7)

۶۔ان تما باتوں کو چھوڑتے ہوئے اگر ہر چیز میں ہی شک کریں تو کم از کم اس حقیقت میں تو کوئی شک نہیں کرسکتا کہ ابوطالب اسلام اور پیغمبر اکرم صلّی الله علیہ وآلہ وسلّم کے درجہ اول کے حامی ومددگار تھے، ان کی اسلام اور پیغمبر کی حمایت اس درجہ تک پہنچی ہوئی تھی کہ جسے کسی طرح بھی رشتہ داری اور قبائلی تعصبات سے نتھی نہیں کیا جاسکتا ۔ اس کا زندہ نمونہ شعب ابوطالب (علیه السلام) کی داستان ہے، تمام مورخین نے لکھا ہے کہ جب قریش نے پیغمبر اکرم اور مسلمانوں کا ایک شدید اقتصادی ،سماجی اور سیاسی بائیکاٹ کرلیا اور اپنے ہر قسم کے روابط ان سے منقطع کرلیے تو آنحضرت کے واحد حامی اور مدافع ابوطالب (علیه السلام) اپنے تمام کاموں سے ہاتھ کھینچ لیا اور برابر تین سال تک ہاتھ کھینچے رکھا اور بنی ہاشم کو ایک درے کی طرف لے گئے جو مکہ کے پہاڑوں کے درمیان تھا اور شعب ابوطالب (علیه السلام) کے نام سے مشہور تھا اور وہاں پر سکونت اختیار کرلی، ان کی فداکاری اس مقام تک جا پہنچی کہ قریش کے حملوں سے بچانے کے لئے کئی ایک مخصوص قسم کے برج تعمیر کرنے کے علاوہ ہر رات پیغمبر اکرم کو ان کے بستر سے اٹھاتے اور دوسری جگہ ان کے آرام کے لئے مہیا کرتے اور اپنے فرزنددلبند علی (علیه السلام) کو ان کی جگہ پر سلادیتے اور جب حضرت علی (علیه السلام) کہتے ، بابا جان ! میں تو اس حالت میں قتل ہوجاؤں گا تو ابوطالب (علیه السلام) جواب میں کہتے: میرے پیارے بچے بردباری اور صبر ہاتھ سے نہ چھوڑو ، ہر زندہ موت کی طرف رواں دواں ہے، میں نے تجھے فرزند عبداللہ (علیه السلام) کا فدیہ قرار دے دیا ہے، یہ بات اور بھی طالب توجہ ہے کہ حضرت علی علیہ السلام باپ کے جواب میں کہتے ہیں کہ بابا جان !میرا یہ کلام اس بنا پر نہیں تھا کہ میں راہ محمد میں قتل ہونے سے ڈرتا ہوں، بلکہ میرا یہ کلام اس بنا پر تھا کہ میں یہ چاہتا تھا کہ آپ کو معلوم ہوجائے کہ میں کس طرح سے آپ کا اطاعت گذار اور احمد مجتبیٰ کی نصرت کے و مدد کے لئے آمادہ وتیار ہوں ۔ (8)

ہمارا عقیدہ یہ ہے کہ جو شخص بھی تعصب کو ایک طرف رکھ کر غیر جانبداری کے ساتھ ابوطالب(علیه السلام) کے بارے میں تاریخ کی سنہری سطروں کو پڑھے
گا تو وہ ابن ابی الحدید شارح نہج البلاغہ کا ہمصدا ہوکر کہے گا:
ولولا ابوطالب وابناہ لما مثل الدین شخصا وقاما
فذاک بمکة آوی وحامی وہذا بیثرب جس الحماما (9)
”اگر اابو طالب اور ان کا بیٹا نہ ہوتے تو ہرگز دین ومکتب اسلام باقی نہ رہتا اور اپنا قد سیدھا نہ کرتا ۔
ابوطالب تو مکہ میں پیغمبر کی مدد کے لئے آگے بڑھے اور علی (علیه السلام) یثرب(مدینہ)میں حمایت اسلام کی راہ گرداب موت میں ڈوب گئے“۔
۲۷ وَلَوْ تَرَی إِذْ وُقِفُوا عَلَی النَّارِ فَقَالُوا یَالَیْتَنَا نُرَدُّ وَلاَنُکَذِّبَ بِآیَاتِ رَبِّنَا وَنَکُونَ مِنْ الْمُؤْمِنِینَ۔
۸۶۔ بَلْ بَدَا لَھُمْ مَا کَانُوا یُخْفُونَ مِنْ قَبْلُ وَلَوْ رُدُّوا لَعَادُوا لِمَا نُھُوا عَنْہُ وَإِنَّھُمْ لَکَاذِبُونَ۔
ترجمہ
۲۷۔اگر تم (ان کی حالت) دیکھو جس وقت وہ آگ کے سامنے کھڑے ہوئے کہتے ہیں کہ کاش ہم (دوبارہ دنیا کی طرف )پلٹ جاتے اور اپنے پرور دگار کی باتوں کی تکذیب نہ کرتے اور مومنین میں سے ہوجاتے ۔
۲۸۔ (وہ واقع میں پشیمان نہیں ہیں)بلکہ ان کے وہ اعمال ونیات جنھیں وہ پہلے چھپائے ہوئے تھے ان کے سامنے آشکار ہوں گے (اور وہ وحشت میں پڑ گئے ہیں) اور اگر وہ پلٹ جائےں تو وہ پھر انھیں اعمال کی طرف پلٹ جائیں گے جن سے انھیں روکا گیا ہے ،اور وہ یقینا جھوٹے ہیں ۔

منابع:
1-تلخیص از سیرہٴ ابن ہشام جلد ۱، صفحہ ۱۹۱،اور سیرہ حلبی، جلد اول، صفحہ ۱۳۱، اور دیگر کتب۔
2۔ الغدیر جلد ہفتم،صفحہ ۳۴۶۔
3۔و4۔ خزانة الادب، تاریخ ابن کثیر، شرح ابن ابی الحدید، فتح باری، بلوغ الادب، تاریخ ابوالفدا، سیرة نبوی و----(یہ حوالہ جات الغدیر جلد ۸ کے مطابق درج کئے گئے ہیں) ۔ 
5۔ ”شیخ الاباطح“ بنقل از ابوطالب مومن قریش۔
6۔طبری : مطابق نقل ابوطالب مومن قریش۔
7۔کتاب الحجہ، درجات الرفیعہ بنقل از الغدیر،جلد ۸۔
8۔ الغدیر،جلد ۸۔
9-الغدیر، جلد ۸۔


خبر کا کوڈ: 299511

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/299511/وفات-حضرت-ابوطالب-علیه-السلام

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com