QR codeQR code

حزب اللہ لبنان کی عرب لیگ کے بیان پر شدید تنقید

عرب ممالک لبنان میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانے کی کوششوں سے باز رہیں

21 Nov 2017 گھنٹہ 14:19

حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عراق اور شام میں اب ایک منظم مسلح اور جنگجو گروہ کی حیثیت سے دہشت گرد گروہ داعش کا کام تمام ہو گیا ہے تاہم اب اس گروہ کا مکمل صفایا کرنا باقی رہ گیا ہے


حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے عرب لیگ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ حزب اللہ یمن کو بلیسٹک میزائل فراہم کر رہی ہے۔

حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب میں حزب اللہ اور ایران کے خلاف عرب لیگ کے اجلاس کے اختتامی بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اور ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ دشمنوں کی طرف سے ہمیشہ اس قسم کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی پہلی ترجیح لبنان کے وزیراعظم سعد حریری کی وطن واپسی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے کبھی بھی سعد حریری کو لبنان کا مستعفی وزیراعظم تسلیم نہیں کیا۔

حزب اللہ کے سربراہ نے بعض عرب ملکوں سے کہا کہ وہ لبنان میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانے کی کوششوں سے باز رہیں اور لبنان میں اپنے مداخلت پسندانہ اور اشتعال انگیز اقدامات سے دستبردار ہو جائیں۔

انہوں نے عراق کے آخری شہر کی بھی داعش کے قبضے سے آزادی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ عراقی افواج اس وقت شام کی سرحد کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا  تھا کہ عراق اور شام میں اب ایک منظم مسلح اور جنگجو گروہ کی حیثیت سے دہشت گرد گروہ  داعش کا کام تمام ہو گیا ہے تاہم اب اس گروہ کا مکمل صفایا کرنا باقی رہ گیا ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ شام کے آخری شہر البوکمال کو بھی داعش کے ناپاک وجود سے پاک کر دیا گیا ہے اور یہ آخری شہر تھا جو داعش کے قبضہ میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ البوکمال میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے شام میں اتحاد و یکجہتی اور زیادہ مستحکم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام کے شہروں حلب، دیرالزور اور المیادین کے بعد اب البوکمال میں بھی دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فتح سے داعش نابود ہو چکا ہے۔ اگرچہ ان کامیابیوں کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ داعش کا وجود پوری طرح ختم ہو گیا ہے-

انہوں نے کہا کہ البوکمال شہر کی آزادی سے شام کو ٹکڑے کرنے کی امریکی سازش بھی دم توڑ گئی ہے- سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ البوکمال میں داعش کو امریکی سرپرستی اور پشتپناہی حاصل تھی امریکہ بظاہر داعش کے مقابلے کے بہانے داعش کو تحفظ فراہم کر رہا تھا۔

سید حسن نصر اللہ نے سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران کے صوبہ کرمانشاہ میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی، ایران کے صدراورعوام کو تعزیت پیش کی۔


خبر کا کوڈ: 294709

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/294709/حزب-اللہ-لبنان-کی-عرب-لیگ-کے-بیان-پر-شدید-تنقید

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com