QR codeQR code

سعد حریری سعودی عرب میں جبری قیام کے بعد پیرس چلے گئے

سعد حریری ہفتے کے روز پیرس کے ایلیزا پیلس میں فرانس کے صدر امانوئیل میکرون سے ملاقات کرنے والے ہیں

18 Nov 2017 گھنٹہ 14:00

سعد حریری ہفتے کے روز پیرس کے ایلیزا پیلس میں فرانس کے صدر امانوئیل میکرون سے ملاقات کرنے والے ہیں


لبنان کے مستعفی وزیر اعظم سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دو ہفتے کے جبری قیام کے بعد اب پیرس پہنچ گئے۔

جمعے کی رات سعودی عرب سے فرانس کے لیے روانہ ہونے سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں سعد حریری نے ان خبروں کی تردید کی کہ وہ سعودی عرب میں نظر بند یا گرفتار تھے۔

سعد حریری ہفتے کے روز پیرس کے ایلیزا پیلس میں فرانس کے صدر امانوئیل میکرون سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

لبنان کے ایل بی سی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ حریری نے پیرس روانگی سے قبل ایک بار پھر سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اور گفتگو کی۔

لبنان کے صدر میشل عون نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سعد حریری، عنقریب سعودی عرب سے پیرس پہنچ جائیں گے۔

صدر میشل عون نے کہا کہ وہ سعد حریری کی وطن واپسی اور حکومت کے مستقبل کے بارے میں ان کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔

سعد حریری نے چار نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بیٹھ کر انتہائی مشکوک انداز میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا اور العربیہ ٹیلی ویژن سے اپنے استعفے کا ایک متن پڑھ کر سنایا تھا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ انہیں پہلے سے لکھ کر دیا گیا تھا۔

لبنانی صدر سمیت دیگر اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے سعد حریری کو گرفتار اور استعفی دینے پر مجبور کیا ہے۔

 ادھر لبنانی جریدے الاخبار کا کہنا ہے کہ سعد حریری صرف اپنی اہلیہ کے ساتھ  پیرس پہنچے ہیں اور ان کے دونوں چھوٹے بچوں کو سعودی عرب میں روک لیا گیا ہے جبکہ سعد حریری کا بڑا بیٹا حسام، جو برطانیہ میں زیر تعلیم ہے، لندن سے پیرس کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعد حریری نے گزشتہ اتوار کو اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں خود کو درپیش خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ" میں بال بچے دار آدمی ہوں۔"

 یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ فرانس کی ثالثی کے بعد جب لبنان کے صدر کو مطلع کیا گیا کہ حریری کے دو بچوں کا سعودی عرب میں باقی رہنا، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ انہیں مشروط طور پر رہا کیا گیا ہے، تو صدر میشل عون نے کہا تھا کہ ان کے ملک کے وزیراعظم کو ان کے تمام اہل خانہ کے ساتھ پیرس بھیجا جائے اور وہاں سے وہ اپنے وطن لبنان لوٹ آئیں۔

لبنانی عوام اور سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ سعد حریری نے سعودی عرب کے دباؤ میں آکر استعفی دیا ہے  جس کا مقصد اندرونی ملک اور عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور استقامت کرنے والی واحد طاقتور تنظیم حزب اللہ کو زک پہنچانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 294246

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/294246/سعد-حریری-سعودی-عرب-میں-جبری-قیام-کے-بعد-پیرس-چلے-گئے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com