QR codeQR code

الرقہ میں امریکی اتحادیوں کی جانب سے فضائی کارروائی

شام: الرقہ شہر پر امریکی اتحاد کی فضائی کارروائی، 45 شہری ہلاک

4 Oct 2017 گھنٹہ 22:31

عالمی اتحاد کی کارروائیوں میں سیکڑوں افراد کو ہلاک کیا گیا ہے اور شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔


شام کے شہر الرقہ میں امریکی اتحادیوں کی جانب سے فضائی کارروائی میں 45 شہریوں کو ہلاک کردیا گیا۔ شامی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ‘امریکی اتحادیوں کی جانب سے داعش کے سابق مرکز الرقہ میں پانی کے کنویں کو نشانہ بنایا گیا جہاں پر عام شہری جمع تھے جس کے باعث 45 افراد ہلاک ہوگئے’۔

یاد رہے کہ امریکی سربراہی میں شامی ڈیموکریٹک فورسز کے کرد اور عرب فائٹرز نے رواں سال جون میں الرقہ میں داعش کے خلاف کارروائی شروع کی تھی اور اب تک داعش سے 90 فیصد علاقہ واپس لیا گیا ہے۔

داعش نے 2014 کے اوائل میں الرقہ پر قبضہ کرکے اس شہر کو شام میں اپنا مرکز بنا لیا تھا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ عالمی اتحاد کی کارروائیوں میں سیکڑوں افراد کو ہلاک کیا گیا ہے اور شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

دوسری جانب فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ کارروائی کے دوران غیرمعمولی احتیاط برتتے ہیں تاکہ شہریوں کے جانی نقصان سے بچا جاسکے جبکہ نقصانات کی تفتیش کا بھی دعویٰ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخرمیں امریکی سربراہی میں اتحاد نے 2014 سے اب تک شام اور عراق میں ہونے والی کارروائیوں میں735 شہریوں کی ہلاکت کا اقرار کیا تھا۔ تاہم انسانی حقوق کی تنظمیوں کا کہنا ہے کہ نشانہ بننے والے افراد کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ شام کا شہر الرقہ کئی ماہ سے پانی کی قلت کا شکار ہے کیونکہ اتحادیوں کی مبینہ کارروائیوں کے نتیجے میں پانی کی لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے عراق میں جاری کارروائیوں کو وسعت دیتے ہوئے 23 ستمبر 2014 کو شام میں داعش کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 286976

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/286976/الرقہ-میں-امریکی-اتحادیوں-کی-جانب-سے-فضائی-کارروائی

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com