QR codeQR code

کشمیر: میانمار میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف طالبعلموں کے مظاہرے

طلبا نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر میانمار حکومت کے خلاف اور روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے حق میں نعرے

12 Sep 2017 گھنٹہ 12:21

اس موقعے پر احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے شیل مارے گئے اور لاٹھی چارج کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہو گئے


میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام اور اُن پر ہو رہے ظلم و تشدد کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے سوپور اور بارہمولہ قصبوں میں طالب علموں نے زوردار احتجاجی مظاہرے کئے۔ سوپور میں احتجاجی طلباء پر قابض فورسز کی جانب سے آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج سوپور میں زیر تعلیم طلباء نے احتجاج کے طور پر کلاسوں کا بائیکاٹ کیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں طلاب کالج کیمپس میں جمع ہوئے اور میانمار حکومت کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر میانمار حکومت کے خلاف اور روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے حق میں نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران اسلام اور آزادی کے حق میں بھی نعرے بلند کئے گئے۔ احتجاجی طلبہ نے مین چوک کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن اقبال مارکیٹ کے نزدیک پولیس کی بھاری جمعیت نے ان کا راستہ روک لیا۔

اس موقعے پر احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے شیل مارے گئے اور لاٹھی چارج کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہو گئے، تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے۔ دریں اثناء قصبہ کے لاء کالج میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے بھی روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے پُرامن احتجاج کیا۔ انہوں نے بھی ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر روہنگیائی مسلمانوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس دوران گورنمنٹ ڈگری کالج بارہمولہ کے طالب علموں نے کالج کیمپس کے اندر احتجاج کیا اور روہنگیائی مسلمانوں کی ہلاکتوں اور اُن پر کی جانے والی زیاتیوں کی مذمت کی۔ طالب علموں نے برما میں نسل کشی کے خلاف پلے کارڈز اور بینر لے کر احتجاج کیا۔ احتجاجی جلوس میں شامل طلباء نے برمی مسلمانوں کے خلاف جاری جارحیت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم بشمول مسلم ممالک کی خاموشی کے خلاف بھی غم و غصے کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 283382

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/283382/کشمیر-میانمار-میں-مسلمانوں-پر-ظلم-ستم-کے-خلاف-طالبعلموں-مظاہرے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com