تاریخ شائع کریں2017 24 June گھنٹہ 15:04
خبر کا کوڈ : 272818

کراچی میں عالمی یوم القدس کے موقع پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد

اھل سنت اور شیعہ علمائے کرام اور شہریوں کی بڑے پیمانے پر شرکت
آج ہم سب یہاں اپنے مظلوم فسلطینی بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں، یہاں کوئی شیعہ یا سنی نہیں، بلکہ مسلمانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہے، یہ اتحاد امت کا بہترین منظر ہے
کراچی میں عالمی یوم القدس کے موقع پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد
عالمی یوم القدس کے موقع پر پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتئ کے لئے صیہونی ریاست کے خلاف ایم اے جناح روڈ سے تبت سینٹر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں جمعیت علمائے پاکستان، جماعت اسلامی، مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر مذہبی جماعتوں اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی، جس میں مرد و خواتین سمیت بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے، جبکہ بینرز پر امریکا اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے تحریر تھے۔ تبت سینٹر پر ریلی کے شرکا سے خطاب میں امایہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سرفراز حسین نقوی نے کہاکہ تمام شرکائے ریلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ سب نے بیداری اور شعور کا ثبوت دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کراچی کی اس اہم شاہراہ پر جمع ہوئے، آپ کا حوصلہ قابل تحسین ہے، آپ فلسطین میں ہونے والے ظلم کے خلاف اکٹھا ہیں، آج تک کوئی  دن ایسا نہیں گزرا  جب فلسطین میں کسی بچے کو یتیم نہ کیا گیا ہو۔ سرفراز حسین نقوی نے کہا کہ صیہونی ریاست کی توسیع پسندانہ پالیسی صرف فلسطین میں ہی نہیں، بلکہ عراق اور شام میں بھی یہ پالیسی جاری ہے، اسرائیل اور آل سعود کے پالے ہوئے وحشت ناک داعشی درندے جنھوں نے انسانوں کے گلے کاٹ کر اسلام کی تصویر مسخ کردی ہے۔ 
 
جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ امام خمینی نے جمعتہ الوداع سے یوم القدس کو منسوب کرکے مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ کے لئے زندہ کردیا، انھوں نے کہا کہ امام خمینی نے دنیا کے مسلمانوں کو بیدار کیا، انھوں نے کہا کہ امام خمینی نے بتایا کہ اسرائیل کا وجود دنیا کے لئے ناسور ہے، فلسطینی پرامن مسلمان ہیں، ان کے خلاف دہشت گردی کا کوئی ثبوت نہیں، وہ آج بھی صیوہنی ریاست کی جانب سے دیشت گردی کا شکار ہیں، اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج ہم سب یہاں اپنے مظلوم فسلطینی بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں، یہاں کوئی شیعہ یا سنی نہیں، بلکہ مسلمانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہے، یہ اتحاد امت کا بہترین منظر ہے، ہم سب کا اللہ ایک ہے، رسول ایک ہے، قران ایک ہے، آج سے ہم سب بھی ایک قوم ہیں۔"
 
مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ باقر زیدی نے کہا کہ اڑتیس سال پہلے امام خمینی نے تہران میں یاسر عرفات سے کہا تھاکہ جان لو کہ مذاکرات فلسطین کے مسئلے کا حل نہیں، تمہیں اپنے حق کے لئے ظالم کے خلاف قیام کرنا ہوگا، جس کے بعد آہستہ آہستہ فلسطینیوں نے پتھروں اور غلیل کے ذریعے قیام شروع کیا، اور آج فلسطین کی تحریک آزادی گولیوں اور میزائلوں میں تبدیل ہوچکی ہے، یہاں تک اسرائیل حزب اللہ سے دو جنگیں بھی ہار گیا۔ شکست خوردہ اسرائیل اپنے آس پاس دیواریں تعمیر کر رہا ہے، اسے معلوم ہے کہ اس کے چاروں طرف میزائل ہیں، اسرائیل اپنی ہی لگائی آگ میں گھرا ہوا ہے، اور ان میزائلوں سے اسرائیل نام نہاد ایک لمحے میں صفحہ ہستی سے مٹ سکتی ہے، اسی صیہونی ریاست کو قائم رکھنے کے لئے امریکا نے داعش بنائی تاکہ اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
 
احتجاجی ریلی کے شرکا سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے جنرل سیکریٹری راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اللہ کی نظر میں یہ زیادہ محبوب ہے کہ آپ سب ظالموں کے خلاف اللہ کی بارگاہ میں فریاد بلند کریں، ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے دنیا کو ایک نیا وجود بخشا، اور دنیا میں عظیم تبدیلیوں کا سبب بنا، اس کے برعکس امریکا نے توانائی سے مالامال ذخائر پر قبضے کے لئے مغربی ایشیا میں جو سیکورٹی کا نظام بنایا، اس کے چار اہم ستون تھے، ایران، ترکی، اسرائیل اور آل سعود۔لیکن اسلامی انقلاب ان تمام ظالموں کے خلاف تھا، جس نے امریکا کے ان تمام نام نہاد ستونوں کو توڑ ڈالا، یہ انقلاب ان ظالموں کے خلاف تھا، جو انسانوں اور بشریت کو غلام بنائے ہوئے تھے، انقلاب اسلامی سے پہلے کی صورتحال  دیکھیں اور آج کی دیکھیں، دنیا تبدیل ہوچکی ہے، امام خمینی نے مسلمونوں سے کہا کہ جمعتہ الوداع یوم القدس کے طور پر ماننا ہے، انھوں نے کہا کہ اسرائیل یہ نہ سمجھے کی فلسطین صرف مسلمانوں کا مسئلہ ہے، نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کے مظلومین کا مسئلہ ہے، اس وکالت کے نتیجے میں دنیا کو حوصلہ ملا، یوم القدس ایک تحریک کی شکل میں ڈھلتا گیا، پاکستان میں اس کا سہرا آئی ایس او کے سرجاتا ہے، جس نے یوم القدس کو تین دہائیوں سے زندہ رکھا ہواہے، آج پاکستان کے سو سے زائد شہروں اور تین سو سے زائد علاقوں میں یوم القدس منایا جا رہا ہے، امریکا کا گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور ہوگیا، امریکا کا منصوبہ خاک میں مل گیا، اس کے  نتیجے میں بہت سے چہروں سے نقاب اتر گیا، مزاحمت کی تحریک ایران، عراق، لبنان، فلسطین، افریقا، یمن، شام، بحرین، پاکستان، افغانساتن اور کشمیر سمیت دنیا کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے، اسی مزاحمت کے نتیجے میں اسرائیل محاصرے میں آگیا ہے، امریکا شکست کھا رہا ہے، چالیس سال کے طویل عرصے کے بعد مسلمانوں کو ایسی قیادت ملی، جس نے عالمی استکبار کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملادیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آل سعود عراق کی سرحد پر دیواریں تعمیر کرنے کا کہہ رہا ہے، مزاحمت اور مخالفت نے دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے، امریکا اور اسرائیل یمن اور شام میں شکست کھا چکے ہیں، بحرین کے مظلوموں کی مزاحمت رنگ لارہی ہے، اسرائیلی ریاست مشکلات کے گرداب میں پھنس چکی ہے، اسرائیل میں حال ہی میں دنیا کے بڑے بڑے دانشوروں پر منعقدہ ایک کانفرنس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ہم تنہا ایران اور فلسطین کی مخالفت کا مقابلہ نہیں کرسکتے، ہمیں عالمی استکباری قوتوں کے ساتھ معتدل ملکوں کی حمایت درکار ہے، ہم ہار چکے ہیں، ہم تنہا ایران اور فلسطین کا مقابلہ نہیں کرسکتے، یعنی اسرائہل نے تسلیم کرلیا کہ وہ شکست کھا رہا ہے۔
تقریر کے اختتام پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہدائے پارہ چنار کے لئے دعا کی، اور کہا کہ متاثرین سے اظاہر یک جہتی ہے کے لئے ملت جعفریہ تین روز سوگ منائے گی، عیدالفطر کی نماز میں بھی بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، نواز شریف استعفیٰ دیں تاکہ ادارے مزید تباہی سے بچ سکیں۔"
 
ریلی کے شرکا نے امریکا، اسرائیل اور برنایہ کے جھنڈے نذرآتش کئے، اور نعرے لگائے، شرکا کا کہنا تھا امام خمینی کی آواز پر آج وہ روزے کی حالت میں شدید گرمی کے باوجود اپنے گھروں سے نکلیے ہیں، بلکہ خواتین اور بچے بھی ان کے ساتھ ہیں، ان کا مقصد فلسطین کی آزادی کے لئے جوجہد میں پیش پیش رہنا ہے، ان کا کہنا تھا قبلہ اول کی بازیابی اور اسرائیل کی نابودی تک احتجاج جاری رہے گا۔
 
 
         
https://taghribnews.com/vdchzini623nq6d.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ