پاکستان: باجوڑ میں دہشتگردانہ حملہ/ 12 تکفیری دہشتگرد ہلاک 11 فوجی جاں بحق
باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ حملے کے دوران 11 اہلکار شہید ہوگئے۔
شیئرینگ :
باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ حملے کے دوران 11 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 16 فروری 2026 کو باجوڑ ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی۔
حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کے بروقت ردِعمل نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جوانوں نے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور 12 خوارج کو ہلاک کر دیا، حملہ آوروں نے اپنی ناکامی پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 11 جوان شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہوئے۔