ایران اسرائیل جنگ سے مسلم دنیا میں وحدت کی فضاء پروان چڑھی
پاکستانی سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ سے مسلم دنیا میں وحدت کی فضاء پروان چڑھی، اسرائیل اور امریکہ کو جواب نہ دینے والی متھ بھی ایران نے توڑ دی ہے۔
شیئرینگ :
سی پی جی ایس کے زیرِ اہتمام اسلام آباد پاکستان کے ایک مقامی ہوٹل میں گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینیٹر مشاہد حسین سید،جنرل ر ثمریز خان، ڈاکٹر نائلہ چوہان،ڈاکٹر قندیل عباس،ڈاکٹر منور حسین، ڈاکٹر منظور آفریدی و دیگر ماہرین مشرق وسطی و مختلف میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں سمیت نمل یونیورسٹی،قائد اعظم یونیورسٹی اور اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات شریک ہوئے۔
کانفرنس کے آخر میں مختلف عنوانات پر ریسرچ کرنے والے طلباء کو اسناد سے بھی نوازا گیا۔
صدر سی پی جی ایس ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی نے مہمان مقررین کو شیلڈز بھی پیش کیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکہ اور مغرب زوال پذیر ہو رہے ہیں، امریکن سینچری کچھ سالوں میں چین کے سامنے ڈھے جائے گی،چین تمام شعبوں میں دنیا کا طاقتور ملک بن کر ابھر رہا ہے،ایران پاکستان کی اسرائیل اور انڈیا سے جنگ نے مودی اور نیتن یاہو کا سرنگوں کر دیا ہے،مغرب کی جانب سے دونوں جنگوں میں اسلام دشمنی کھل کر نظر آئی،ایرانی سفیر نے اس جنگ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کی حمایت کو سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اسرائیل جنگ سے مسلم دنیا میں وحدت کی فضاء پروان چڑھی،اسرائیل اور امریکہ کو جواب نہ دینے والی متھ بھی ایران نے توڑ دی ہے،اب پاکستان،ترکی،ایران،انڈونیشیا اور سعودی عرب اس ریجن کو لیڈ کریں گے۔
ڈاکٹر نائلہ چوہان نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں صیہونی دبدبہ ٹوٹ گیا،امریکی صدر کا بٹ کرنسی کی بات کرنا بھی ڈاؤن فال اور کمزوری کی علامت ہے،اسرائیل نے ایران پر حملہ رجیم چینج یا جوہری ہتھیاروں کی وجہ سے نہیں کیا تھا، بلکہ وہ اپنا پھیلاؤ کرنا چاہتا ہے،گریٹر اسرائیل کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس منصوبے میں وہ کامیابی سے کمزوری کی جانب بڑھا ہے،ایران پر حملہ کر کے امریکہ واسرائیل غلط اعداد وشمار کر گئے ہیں جس کی انہیں دنیا میں ہزیمت اٹھانی پڑی۔
کانفرنس کے دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کا مسلم امہ اور اپنے قومی مفادات کے تناظر میں ایرانی حمایت میں واضح مؤقف اختیار کرنا لائقِ تحسین تھا،جو کہ یہود و ہنود گٹھ جوڑ پر کاری وار تھا،ایران اسرائیل بارہ روزہ جنگ میں ایران نے اسرائیلی دفاع کی سات سطحوں کو توڑ کر صہیونی رعب اور ناقابل شکست ہونے کا غرور خاک میں ملا دیا،اس جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی طاقت اسلامی جمہوریہ ایران ہے اور جنوبی ایشیاء کی طاقت اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے،ایرانی مفادات کو نقصان پہنچانے کا اسرائیلی پندرہ سالہ خواب اور منصوبہ بندی چکنا چور ہو گئی اور دنیا میں ایران مزید طاقتور ملک بن کر ابھرا ہے۔