بھارتی پنجاب پر پاکستانی حملے کا نئی دہلی کا دعویٰ سختی سے مسترد
پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کوئی کارروائی نہیں کی،بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کادعوی سفید جھوٹ ہے۔
شیئرینگ :
پاکستان نے بھارتی پنجاب میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی سختی سے تردیدکردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کوئی کارروائی نہیں کی،بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کادعوی سفید جھوٹ ہے۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،بھارت سے پاکستان آنے والے ڈرونز کو پاک فوج نے مار گرایا۔
انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ نے 80 بھارتی جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا، بھارت کو 5 طیاروں کی تباہی ہضم نہیں ہوئی، کراچی سے اسلام آباد تک 24 مقامات پر کارروائی شرمناک ہے، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کرکے بھارت نے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈالی،پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں مسلح افواج دفاع کیلئے پرعزم ہیں،بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے، ان کاکہنا تھا کہ بھارت کے پاس سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوئی قانونی گنجائش نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس موقع پر کہا کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو دنیا دیکھے گی، بھارتی میڈیا کو پاکستان کا حملہ دکھانا نہیں پڑے گی، حملہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کے حملے کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے، گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فارنزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے امرتسر میں خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بھارت نے ڈرامے کے لیے کھیتوں میں رکھے کچھ پرزوں کو خود آگ لگائی، بھارت کا نظام اتنا ہی اچھا ہے تو 5 طیارے کیسے تباہ کرالیے ہیں۔
احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، بھارت کی طرف سے پاکستان آنے والی کسی بھی چیز پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کے 15مقامات پر پاکستان کے حملے کی خبریں جھوٹی ہیں،پاکستان میں کوئی خوف نہیں، زندگی رواں دواں ہے۔