پاکستان؛ 15 مئی کو یوم نکبہ کی مناسبت سے کراچی پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا
شیئرینگ :
پاکستان کی مختلف مذہبی اور سیاسی تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام کو 77 سال ہو چکے ہیں، فلسطینی عوام ہر سال 15 مئی یوم نکبہ یعنی فلسطین میں ہونے والی تباہی و بربادی کا دن مناتے ہیں، اسی دن غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے برطانیہ، فرانس اور امریکی حکومت کی مدد سے فلسطین پر ناجائز تسلط قائم کیا تھا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کے ساتھ ہونے والی خیانت اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے، آج روزانہ فلسطینی عوام پر نکبہ گزر رہا ہے، ہر آنے والا دن گزرنے دن سے زیادہ بدتر ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل غاصب صیہونیوں کی ایک ناجائز اور غاصب ریاست ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قیام پاکستان سے قبل ہی فلسطین کے خلاف ہونے والی سازشوں پر شدید ردعمل دیا اور قیام پاکستان کے بعد واضح اور دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر کوئی اسرائیل سے تعلقات بنانے کی بات کرے گا تو وہ نظریہ پاکستان سے غداری کا مرتکب قرار پائے گا۔ رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے سوال کیا کہ پاکستانی شہری کس کی اجازت سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل جا رہے ہیں، یہ قائداعظمؒ کے نظریات اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی توہین ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ یوم نکبہ کی مناسبت سے ملک بھر میں آگہی مہم چلائی جائے گی اور اس عنوان سے 7 مئی کو کراچی کے ایک مقامی ہال میں ذاکرین کی یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ نو مئی کو بعد نماز جمعہ مختلف مساجد میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
رہنماؤں نے کہا کہ آئمہ مساجد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نماز جمعہ کے خطبات میں مسئلہ فلسطین کو خصوصی طور پر بیان کریں، اسی طرح 15 مئی کو یوم نکبہ کی مناسبت سے کراچی پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ 16 مئی کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور جمعہ نماز کے اجتماعات میں عالمی استعماری قوتوں امریکا، برطانیہ اور فرانس کی فلسطین کے خلاف سازشوں سے متعلق خصوصی مواد بھی تقسیم کیا جائے گا۔