تاریخ شائع کریں2021 4 August گھنٹہ 19:04
خبر کا کوڈ : 514056

کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتے ہیں

اسلامی نظام کی کامیابی کے بعد سے، دشمن ایران میں بعض اوقات رونما ہونے والے واقعات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا آیا ہے اور پانی اور بجلی کی کمی کے حالیہ مسائل اٹھانا اس کی واضح مثالیں ہیں۔
کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتے ہیں
ایران کی مسلح افواج نے بیرونی قوتوں کو خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں کسی بھی مہم جوئی کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جواب انتہائی تباہ کن ہوگا اور دشمن کو اپنے کئے پر پشیمان ہونا پڑے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کی کامیابی کے بعد سے، دشمن ایران میں بعض اوقات رونما ہونے والے واقعات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا آیا ہے اور پانی اور بجلی کی کمی کے حالیہ مسائل اٹھانا اس کی واضح مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم انتقال اقتدار کے عمل سے گزر رہے ہیں جو امریکہ میں انتقال اقتدار کے برخلاف پورے وقار، امن اور سکون کے ساتھ انجام پا رہا ہے۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ دشمن ایرانی قوم کے لیے مشکلات اور پریشانیاں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے اُسے ماضی سے عبرت حاصل کرنے کی نصیحت کی۔ 

سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف کا کہنا تھا کہ ہم بیالیس سال سے دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہر دور سے زیادہ آج ہم طاقتور ہو چکے ہیں۔ جنرل سلامی نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ دشمن کسی خام خیالی میں نہ رہے کیونکہ ہمارا جواب انتہائی تباہ کن ہوگا اور اسے اپنے کیے پر پچھتانا پڑے گا۔

ایرانی کمانڈر نے دشمن کو خطاب کرتے ہوئے کہا، "خبردار ایرانی قوم کے مقابلے پر نہ آنا، ہر دور سے زیادہ طاقت اور فولادی عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل عبدالرحیم موسوی نے دشمن کی مہم جوئی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔ بری فوج کے کمانڈروں کی چودہویں سالانہ کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے جنرل عبد الرحیم موسوی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج کے تمام دستے پوری آمادگی کی حالت میں، ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار اور ہر مشن کو پورا کرنے کی توانائی سے بہرہ مند ہیں۔

درایں اثنا ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے ایران کے خلاف جاری میڈیا وار کے بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بعض بیرونی طاقتیں اسرائیل اور علاقے کی کٹھ پتلی حکومتوں کے تعاون سے نفسیاتی جنگ چھیڑ کر کسی مہم جوئی کا راستہ ہموار کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے بحیرۂ عمان میں جہاز رانی کی سلامتی کے بارے میں صیہونی، عرب اور سعودی ذرائع ابلاغ کی دروغگوئی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، اس علاقے میں کسی بحری جہاز کے اغوا سے متعلق مذکورہ ذرائع ابلاغ کی جاری کردہ غیر مصدقہ اور متضاد خبریں دراصل نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں جس کا مقصد خطے میں کسی نئی مہم جوئی کا راستہ ہموار کرنا ہے۔

مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ایران نہ صرف یہ کہ علاقے سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے، بلکہ ہر قسم کی مشکوک سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کو علاقے پر مکمل انٹیلی جینس تسلط حاصل ہے اور کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہے۔
https://taghribnews.com/vdcamynmi49n6w1.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ