QR codeQR code

کالعدم حرکۃ المجاہدین کے سابق کمانڈر کو تحریک انصاف نے ٹکٹ جاری کردیا

30 Jul 2021 گھنٹہ 19:03

مظہر سعید شاہ پر اشتعال انگیز تقاریر کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پابندیاں بھی عائد کی جاتی رہی ہیں اور گزشتہ کچھ عرصہ سے نیلم میں ایک اشتعال انگیز تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے بھی ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو نفرت پھیلانے والی شخصیات کے زمرے میں شامل کر رکھا ہے۔


پاکستان کے زیر انتظام آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ’علما مشائخ‘ کی نشست پر طالبان دور میں افغانستان میں ایک صوبے کے اہم عہدے پر فائز رہنے والے کمانڈر کو تحریک انصاف نے ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کی مقامی تنظیم کے سیکرٹری جنرل عبدالماجد خان کے ہمراہ مظہر سعید شاہ (المعروف عبداللہ شاہ مظہر) نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

روزنامہ جدوجہد میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق عبداللہ شاہ مظہر کے نام سے پہچانے جانے والے مظہر سعید شاہ وادی نیلم کے علاقے لوات سے تعلق رکھتے ہیں۔ لمبے عرصے سے کراچی میں مقیم ہیں اور وہاں ایک مقامی مسجد میں خطیب کے فرائض بھی سرانجام دیتے ہیں۔ مظہر سعید شاہ ماضی میں ’افغان جہاد‘ میں شامل رہے اور ڈاکٹر نجیب حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان کے ایک صوبے میں اہم عہدے پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔ کالعدم حرکۃ المجاہدین سے ’جہادی‘ سفرشروع کرنے والے مظہرسعید شاہ بعد ازاں ’مولانا مسعود اظہر‘ کی تنظیم ’کالعدم جیش محمد‘ کے اہم عہدوں پر فائز رہے۔

مظہر سعید شاہ پر اشتعال انگیز تقاریر کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پابندیاں بھی عائد کی جاتی رہی ہیں اور گزشتہ کچھ عرصہ سے نیلم میں ایک اشتعال انگیز تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے بھی ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو نفرت پھیلانے والی شخصیات کے زمرے میں شامل کر رکھا ہے۔

2008ء میں برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں عسکری سرگرمیوں کے دوران مارے جانے والے نوجوان ’ریاض حسین‘ سے متعلق شائع کی جانیوالی ایک رپورٹ میں بھی مظہر سعید شاہ (عبداللہ شاہ مظہر) کا بطور رہنما ’جیش محمد‘ صوبہ سندھ ذکر کیا ہے۔

2001ء میں ’جیش محمد ‘ اور دیگر تنظیموں کو امریکہ کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے بعد ’الفرقان‘ کے نام سے تنظیم قائم کی گئی تھی۔ بعد ازاں مظہر سعید شاہ کے مولانا مسعود اظہر کے ساتھ اختلافات ہوئے جس کے بعد انہوں نے ’تحریک غلبہ اسلام ‘ کے نام سے تنظیم قائم کر لی تھی۔
 


خبر کا کوڈ: 513425

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/513425/کالعدم-حرکۃ-المجاہدین-کے-سابق-کمانڈر-کو-تحریک-انصاف-نے-ٹکٹ-جاری-کردیا

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com