تاریخ شائع کریں2021 14 July گھنٹہ 22:43
خبر کا کوڈ : 511640

پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے

ممنون حسین  2013 سے 2018 کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے دورہ حکومت میں صدر پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔ان کے انتقال پر پاکستان کی سیاسی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے
پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین 80 برس کی عمر میں کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن سندھ کے میڈیا کوارڈینیٹر خواجہ طارق نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے کہ سابق صدر ممنون حسین آغا خان ہسپتال میں گذشتہ 15 روز سے زیر علاج تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ممنون حسین سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔

ممنون حسین  2013 سے 2018 کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے دورہ حکومت میں صدر پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔

ان کے انتقال پر پاکستان کی سیاسی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔


پاکستان کے موجودہ صدر عارف علوی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر افسوس اور گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں دعا کی: ’اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘ 

پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے بھی سابق صدر پاکستان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔


اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’سابق صدرِ پاکستان ممنون حسین کے انتقال کا سن کر افسردہ ہوں۔ ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘

سابق صدر ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو تقسیم برصغیر سے قبل آگرہ میں پیدا ہوئے اور وہ 1949 میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان منتقل ہو گئے۔

نہوں نے 1963 میں کراچی یونیورسٹی سے کامرس میں گریجویشن کیا اور پھر ماسٹرز ڈگری آئی بی اے کراچی سے 1965 میں حاصل کی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے آغاز میں اپنے والد کے کاروبار میں ان کا ہاتھ بٹایا تاہم بعد میں وہ اپنے ٹیکسٹائل کے کاروبار میں مصروف ہو گئے۔

انہوں نے پاکستانی سیاست میں 1968 میں مسلم لیگ میں شمولیت سے قدم رکھا اور جلد ہی جواینٹ سیکریٹری بن گئے۔

اس کے بعد ممنون حسین نے 1993 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کے ساتھ قومی سطح پر اپنی سیاست کا آغاز کیا۔ ابتدا میں وہ صوبہ سندھ میں مسلم لیگ ن کے سیکریٹری فنانس رہے اور پھر 2001 میں انہیں جماعت کا سندھ میں جنرل سیکریٹری بنا دیا گیا۔

ممنون حسین اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بنا پر مسلم لیگ ن سندھ کے سینیر نائب صدر بھی رہے۔ وہ 1997-98 میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔

جون 1999 میں ممنون حسین نے گورنر سندھ  کا عہدہ سنبھالا تاہم وہ زیادہ عرصے تک اس عہدے پر نہ رہ سکے اور 12 اکتوبر 1999 کو مسلم لیگ ن کی حکومت کے خاتمے پر انہیں بھی اس عہدے کو چھوڑنا پڑ گیا۔
https://taghribnews.com/vdcgtq9nzak9q34.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ