QR codeQR code

اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں اب تک اسّی سے زائد افراد شہید

13 May 2021 گھنٹہ 23:49

صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھرغزہ کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے ناجائز صیہونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب اور دیگر صیہونی بستیوں پر درجنوں راکٹ اور میزائل فائر کیے ہیں۔


غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد اسّی سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کےجواب میں فلسطین کے استقامتی گروہوں کے جوابی حملے بدستور جاری ہیں -

غزہ میں وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں اب تک اسّی سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں سترہ کم سن بچے اور چھے خواتین بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی جارحیت میں ایک سو پندرہ بچوں اور پچاس خواتین سمیت تین سو اٹھاسی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 

اطلاعات ہیں کہ صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھرغزہ کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے ناجائز صیہونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب اور دیگر صیہونی بستیوں پر درجنوں راکٹ اور میزائل فائر کیے ہیں۔

اسلامی استقامتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اس نے غزہ پر جارحیت کے جواب میں تل ابیب پر راکٹ اور میزائل حملوں کا آغاز کردیا ہے ۔

المیادین ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ صیہونی ذرائع ابلاغ نے تل ابیب کےمرکزی علاقوں میں سائرن بجائے جانے کی خبریں جاری کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ، تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ کے علاوہ، باقہ العربیہ، ام الفحم، حریش، تل ابیب یافا، بنی براک، بات یام، جفعتایم، اور عسقلان سمیت متعدد علاقوں میں کافی دیر تک خطرے کے سائرن بجائے گئے اور صیہونیوں کو بنکروں میں پناہ لینا پڑی۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل پہلی بار تل ابیب سے دور واقعے علاقوں ، ناصرہ اور حیفا تک بھی پہنچے ہیں۔

صیہونی حکومت کے صنعتکاروں کی یونین نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی گروہوں کے حملے کے بعد سے اب تک اسرائیل کا ایک سو ساٹھ ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے -

صیہونی حکومت کی فوج نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پچھلے تین روز میں غزہ سے پندرہ سو سے زائد میزائل اور راکٹ فائر کئے جاچکےہیں  -

حماس کے سربراہ اسما‏عیل ہنیہ نے اسرائیلی حملے میں عزالدین قسام بریگیڈ کے بعض کمانڈروں کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ، ان شہادتوں کے بعد بھی ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں اور ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنےکے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ بیت المقدس کا معاملہ کوئی مذاق نہیں ہے  اور کوئی بھی فلسطینی اس سے چشم پوشی نہیں کرسکتا ان کا کہنا تھا  حماس طویل عرصے تک غاصب صیہونی حکومت کے مقابلہ کرنے کے لیے آمادہ ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 503825

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/503825/اسرائیل-کے-وحشیانہ-حملے-میں-اب-تک-اس-ی-سے-زائد-افراد-شہید

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com