تاریخ شائع کریں2021 20 April گھنٹہ 17:22
خبر کا کوڈ : 500771

متحدہ عرب امارات کے قرض کی ادائیگی میں توسیع

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے قرض کی ادائیگی میں توسیع
پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ابوظبی کے دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ابو ظبی ترقیاتی فنڈز (اے ڈی ایف ڈی) کے ذریعے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی میں توسیع کے فیصلے پر یو اے ای کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے مابین گرم جوشی پر مبنی برادر تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان کی افغانستان میں جاری امن و مفاہمت کے عمل کی حمایت کے لیے مستقل کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے امور بشمول تجارت، سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

متحدہ عرب امارات کی مہمان نوازی پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب عبد اللہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔دفتر خارجہ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اماراتی وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے علاوہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور احمد بن علی السیغ سے بھی ملاقات کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔

اس ضمن میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی مثبت شراکت کا اعتراف کیا۔
http://www.taghribnews.com/vdcjayeivuqeyaz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس