تاریخ شائع کریں2021 19 April گھنٹہ 18:48
خبر کا کوڈ : 500633

بھارت سے پاکستان آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی

گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم (ڈبل میونٹ قسم) کے پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بھارت سے پاکستان آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافے کے سبب پاکستان میں بھارت سے آنے والے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و مراعات اسد عمر کی سربراہی میں آج این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ان کے ساتھ نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی نے بھی کی۔

اجلاس میں شرکا کو بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم (ڈبل میونٹ قسم) کے پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی مذکورہ قسم اپریل کے آغاز سے بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کی وجہ بن رہی ہے۔

جس کے بعد این سی او سی نے بھارت کو 2 ہفتوں تک سفری ممالک کی فہرست میں کیٹیگری سی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق بھارت سے فضائی اور زمینی راستے سے پاکستان آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بھارت میں موجود کورونا کی نئی قسم کے دیگر ممالک تک پھیلاؤ کے تناظر میں کیٹیگری سی ممالک کے جائزے سے متعلق اجلاس اب 21 اپریل کو ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے۔

بھارت میں 19 کو کورونا وائرس کے مزید 2 لاکھ 73 ہزار 810 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔

اس کے علاوہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید ایک ہزار 619 کے اضافے کے بعد بھارت میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 769 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں بھارت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے سبب بھارتی وزیر اعظم نریندر کو مغربی بنگال میں انتخابی ریلیوں کے انعقاد پر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔
http://www.taghribnews.com/vdcgwz9nwak9z34.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس