تاریخ شائع کریں2020 23 April گھنٹہ 18:09
خبر کا کوڈ : 459973

سعودی حکومت، رمضان المبارک میں عشاء کی اذان سے متعلق اہم اعلان جاری

کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کی تمام مساجد میں جماعت کے ساتھ فرض نمازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے-
سعودی حکومت، رمضان المبارک میں عشاء کی اذان سے متعلق اہم اعلان جاری
سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور ڈاکٹر الشیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے رمضان المبارک کے دوران عشاء کی اذان وقت پر دینے کی ہدایت کی ہے۔

العربیہ نیو ز کے مطابق وزیر اسلامی امور ودعوة والارشاد کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت کی تمام مساجد میں عشاء کی اذان میں حسب سابق تاخیر نہ کی جائے جو عام طور پر ماہ رمضان میں کرنے کا رواج تھا-

کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کی تمام مساجد میں جماعت کے ساتھ فرض نمازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے- مساجد میں صرف پانچوں وقت کی اذان دی جاتی ہے، ہر اذان کے ساتھ موذن ’نماز گھروں میں ادا کریں ‘ کے الفاظ کا اضافہ کرتے ہیں۔

ماضی میں سعودی عرب میں ہر برس ماہ رمضان المبارک میں روزہ افطار کرنے کے بعد عشاء کی آذان میں کچھ دیر کی تاخیر کر دی جاتی تھی تاکہ لوگوں کو سہولت ہو اور وہ افطاری کے کچھ دیر بعد آرام کرکے نماز کے لیے وقت پر مساجد میں پہنچ سکیں۔

رواج کے مطابق بعض مساجد میں عشاء کی آذان اور جماعت کے درمیان وقفہ بڑھا دیا جاتا تھا جبکہ بعض مساجد میں صرف آذان میں تاخیر کی جاتی تھی۔

کورونا کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے جب تمام مساجد میں نماز باجماعت پر عارضی پابندی عائد ہے ایسے میں وزیر اسلامی امور نے عشاء کی آذان میں تاخیر کرنے کے عمل کو روک دیا ہے تاکہ لوگ گھروں میں ہی بر وقت نماز ادا کرلیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران عام نمازیوں کے تراویح ادا کرنے پر پابندی ہو گی۔
https://taghribnews.com/vdcguy9twak9ny4.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ