>> انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کو اپیل دینے کا بل | تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
تاریخ شائع کریں2021 12 June گھنٹہ 21:35
خبر کا کوڈ : 507564

انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کو اپیل دینے کا بل

وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم نے ایک ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’اگر پاکستان یہ بِل منطور نہ کرتا تو انڈیا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پاس پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پہنچ جاتا۔‘
انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کو اپیل دینے کا بل
تحریر:سحر بلوچ
بشکریہ: بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


پاکستان کی قومی اسمبلی میں جمعرات کے روز یکِے بعد دیگرے کئی بِل منظور کر لیے گئے اور ان میں سے ایک عالمی عدالت انصاف ’حقِ نظرثانی بل 2020‘ (ریویو اینڈ ری کنسڈریشن) 2020 بھی منظور کیا گیا ہے۔

اس بِل کا براہِ راست تعلق مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو کو اپیل کرنے کا حق دینے سے ہے، جس کے لیے اسمبلی میں خاص طور سے دیگر معاملات کو منسوخ کرنے کے بعد اس بِل سمیت متعدد دیگر بِلوں کی منظوری بھی دی گئی۔

ایک روز پہلے اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی جانب سے شور شرابے کے دوران یہ سوالات بھی کیے گئے کہ آخر انڈین جاسوس کے معاملے میں الگ سے اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

اس بِل کو خصوصی طور پر دیگر اہم بِلوں سمیت منظور کرنے کے پیچھے ایک واضح وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جمعے کے روز یعنی آج 11 جون سے بجٹ سیشن کا آغاز ہو جائے گا اس لیے ان تمام بِلوں کو جلد از جلد آگے کرنا لازمی ہے۔

واضح رہے کہ بجٹ سیشن 20 روز جاری رہتا ہے جس کے دوران اسمبلی میں پیش ہونے والے تمام بِل، خاص طور سے وہ جن پر بحث کرنا لازمی ہو، وہ بعد کے لیے رکھ لیے جاتے ہیں لیکن اگر ہنگامی بنیادوں پر کسی بِل پر بات کرنی ہو ان کے لیے پہلے سیشن رکھ لیا جاتا ہے۔

لیکن جادھو سے متعلق اپیل کے بِل کو منظور کرنے کے پیچھے یہ وجہ بتائی جارہی ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے کلبھوشن جادھو کو عالمی عدالتِ انصاف کے احکامات کے تحت اپیل کرنے کی اجازت دینا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم نے ایک ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’اگر پاکستان یہ بِل منطور نہ کرتا تو انڈیا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پاس پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پہنچ جاتا۔‘

فروغ نسیم نے بارہا اس بات پر زور دیا کہ ’دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے۔‘

پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد جادھو کی اپیل کا بِل سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش ہوگا، جو بجٹ سیشن کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔ اس پر اب حزبِ اختلاف کی جماعتیں اعتراض کر رہی ہیں کہ اگر 20 دن انتظار ہی کرنا تھا تو جلدی سے بِل کیوں منظور کرایا گیا؟

بیرسٹر اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جادھو کی اپیل اور ریویو کا بِل منظور کرنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ عالمی عدالتِ انصاف یعنی آئی سی جے کے مشاہدے کے مطابق پاکستان کے مقامی قوانین میں اپیل اور ریویو کی شِق ہونی چاہیے جو فوجی عدالت کے فیصلے کو دیکھنے کے طور پر کام آ سکے۔

’پاکستان کی فوجی عدالتیں سنہ 2015 میں آرمی پبلک سکول میں دہشت گرد حملے کے بعد بنائی گئی تھیں۔ ان عدالتوں سے منسلک جو ایکٹ بنایا گیا تھا اس پر تشویش اور اعتراض یہ تھا کہ فوجی عدالتیں آئین کے دائرہ کار میں نہیں آتیں۔‘

وہ کہتے ہیں ’اس دوران پاکستان کی حکومت نے بتایا تھا کہ اس وقت ملک میں قانون نافذ کرنے اور دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت ہے جس کے تحت یہ عدالتیں بنائی جارہی ہیں۔ اسی لیے ساتھ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہ عدالتیں صرف دو سال کے لیے فعال رہیں گی۔‘

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مزید بتایا کہ ’پھر سپریم کورٹ نے اس بارے میں کہا تھا کہ فوجی عدالتوں سے جو بھی فیصلہ یا آرڈر دیا جائے گا، اس فیصلے اور آرڈر کا عدالتی جائزہ یا ریویو کیا جائے گا اور رِٹ پٹیشن جمع کی جا سکے گی۔ جس کے بعد پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس (مرحوم) وقار احمد سیٹھ نے کئی رِٹ پٹیشن سن کر لوگوں کو رہائی دلوائی۔‘

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ’اسی لیے اپوزیشن کا بھی یہی کہنا ہے کہ جادھو کے لیے بھی حکومت کو نئے سِرے سے قوانین بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پہلے سے موجود ہیں جن میں اس طرح کے حالات میں طریقہ کار خاصے واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’جادھو کو اگر سزا ہوتی ہے تو ان کو یہ حق ہے کہ وہ ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن جمع کریں جس کے بعد ان کی اپیل کی درخواست ہائیکورٹ میں سنی جا سکتی ہے لیکن ان تمام باتوں پر بحث نہیں ہو سکی کیونکہ حکومت کی جانب سے جادھو کا معاملہ قومی سلامتی کے زمرے میں دیکھا جارہا ہے۔‘

کلبھوشن جادھو کیس: کب کیا ہوا؟

مارچ 2016 میں پاکستان نے کلبھوشن جادھو کو بلوچستان سے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد اپریل 2017 میں پاکستان کی فوجی عدالت نے انڈین کمانڈر کلبھوشن جادھو کو جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔

انڈیا نے 8 مئی 2017 کو عالمی عدالتِ انصاف میں پاکستان کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست میں دعویٰ کیا کہ پاکستان نے 1963 کے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔ جس کی شِق 36 کے تحت کلبھوشن جادھو کو نہ ہی قونصلر رسائی دی گئی اور نہ ہی انھیں ان کے حقوق بتائے گئے۔

اسی روز انڈیا نے ایک اور درخواست میں یہ استدعا بھی کی تھی کہ جادھو کو اس کیس کے تمام نکات پر دلائل دیے بغیر سزائے موت نہ دی جائے اور اس ضمن میں لیے گئے تمام اقدامات کے بارے میں عدالت کو بتایا جائے۔

17 جولائی 2019 کو عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں پاکستان کو کہا تھا کہ وہ مبینہ جاسوس کی سزائے موت پر نظرثانی کرے اور انھیں قونصلر رسائی دے۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ پاکستان نے کلبھوشن جادھو کو قونصلر تک رسائی نہ دے کر ویانا کنونشن کی شق 36 کی خلاف ورزی کی ہے۔

جس کے بعد جولائی 2020 میں پاکستان کے ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان نے کہا تھا کہ پاکستان میں زیر حراست مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو نے اپنی سزا کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اس کے بجائے وہ اپنی رحم کی اپیل کے پیروی جاری رکھیں گے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ میں نیوز کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ ’کمانڈر جادھو کو والد سے ملاقات کروانے کی پیشکش کی ہے۔ انڈین حکومت کو مراسلہ بھجوا دیا گیا جبکہ کمانڈر جادھو کو دوبارہ قونصلر رسائی کی پیشکش پر انڈین حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔‘

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حالانکہ پاکستان کا قانون نظرِثانی کا حق فراہم کرتا ہے لیکن عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر صحیح طور سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے 28 مئی کو ’انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس ریویو اینڈ ری کنسڈریشن آرڈینسس 2020 نافذ کیا۔‘

اس آرڈیننس کے تحت 60 روز میں ایک درخواست کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نظرِثانی اور دوبارہ غور کی اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔ یہ اپیل کمانڈر جادھو خود، ان کا قانونی نمائندہ یا انڈین ہائی کمیشن دائر کر سکتے ہیں۔

عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں جو کیس پاکستان نے جیتا تھا اس کے فیصلے کے اہم نکات میں یہ بات بھی شامل تھی کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر روابط کی شِق 36 کے تحت کلبھوشن جادھو کو ان کے حقوق کے بارے میں بتایا جائے۔

اس کے علاوہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ کلبھوشن کیس پر مؤثر نظرثانی کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں جس میں اگر ضرورت پڑے تو قانون سازی کا نفاذ بھی شامل کیا جائے۔
https://taghribnews.com/vdcg3u9ntak9zn4.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ