تاریخ شائع کریں2017 11 December گھنٹہ 17:56
خبر کا کوڈ : 298704

نواز شریف اور دیگر وفاقی افسران بھی قتل عام میں ملوث ہیں،راجہ ناصر

ہم ہر قدم پر ڈاکٹر طاہرالقادری کیساتھ ہیں،۔راجہ ناصر
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف ملنے تک ہم پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ رہیں گے۔راجہ ناصر
نواز شریف اور دیگر وفاقی افسران بھی قتل عام میں ملوث ہیں،راجہ ناصر
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے منہاج سیکرٹریٹ لاہور میں ملاقات کی۔

ملاقات میں جسٹس باقر نجفی رپورٹ، سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹرطاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت نے قتل عام چھپانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا، نواز و شہباز کے تمام حربے ناکام ہوئے اور اللہ کی توفیق سے باقر نجفی رپورٹ پبلک ہوچکی ہے، باقر نجفی نے رپورٹ میں لکھ دیا ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی بلوچستان سے پنجاب تقرری وفاقی حکومت کا کام ہے، خون کی ہولی کھیلنے سے 2 دن قبل مشتاق سکھیرا کو پنجاب لایا گیا اور اس وجہ سے نواز شریف بھی واقعہ کے ذمہ دار ہیں، پولیس کو رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں میٹنگ میں قتل عام کا حکم دیا گیا، شہباز شریف یا رانا ثناء اللہ نے قتل و غارت روکنے کا حکم نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری استعفٰی دیں، دونوں مستعفی ہو کر قانون کے سامنے سرنڈر کریں، پولیس نے وہی کچھ کیا جس کیلئے اسے بھیجا گیا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دونوں استعفٰی نہیں دیتے تو اقتدار سے جوتے مار کر نکالنا ہمارا حق ہے۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہم قدم ہیں، یہ جو بھی کال دیں گے، مسلم لیگ (ق) ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، تو عدالت نے انگریزی کیساتھ اردو میں بھی فیصلہ لکھ کر دیا ہے کہ اس لئے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ اقامہ پاناما سے بڑا جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ان قاتل حکمرانوں کا ٹھکانہ جدہ نہیں جیل ہوگی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا 17 جون سے اب تک ہم نے اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھایا ہے، کچھ لوگ کہہ رہے تھے، اس قتل عام کا کچھ نہیں ہوگا، اب وہ مرحلہ آچکا ہے کہ مجرم بےنقاب ہوچکے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بڑے مجرم شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ ہیں، وہ وقت آگیا ہے کہ یہ جیلوں میں ہوں گے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ نواز شریف اور دیگر وفاقی افسران بھی قتل عام میں ملوث ہیں، مشتاق سکھیرا سمیت دیگر افسران کو بھی گرفتار کیا جائے، ہم ثابت کریں گے کہ قاتل حکومت نہیں کرسکتے، یہ حکمران قانون کے قاتل ہیں، قانون شکن ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم ہر قدم پر ڈاکٹر طاہرالقادری کیساتھ ہیں، ہم مظلوموں کیساتھ اور ظالموں کے دشمن ہیں، سانحہ  ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف ملنے تک ہم پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو یہ سبق ملا ہے کہ ظالموں کی کبھی حمایت نہیں کرنی، ہم مظلوموں کے ساتھ رہیں گے۔
https://taghribnews.com/vdcjyoe8xuqehaz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ