تاریخ شائع کریں2017 12 August گھنٹہ 19:01
خبر کا کوڈ : 279183

پاکستان: آزادی ٹرین کا افتتاح

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزادی ٹرین کا افتتاح کردیا
یہ آزادی ٹرین پاکستانی تاریخ کو بھرپور اجاگر کررہی ہے، وزیر اطلاعات
پاکستان: آزادی ٹرین کا افتتاح
پاکستان: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے دہشت گردی سے پاک پاکستان کا ویژن شروع کیا ، جس کے باعث آج پاکستان اقتصادی قوت بن کر ابھر رہا ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نواز شریف کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔

آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سال دوہزار تیرہ میں دہشت گردی سے پاک پاکستان کا ویژن شروع کیا، قربانیوں کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں نوے فیصد کمی آچکی ہے ،جس کا ثمر یہ ہے کہ آج پاکستان اقتصادی قوت بن کر ابھر رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہا کہ پاکستانی عوام کو سی پیک کا منصوبہ نواز شریف کی جانب سے ایک تحفہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم نواز شریف کے وعدے پورے کریں گے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاکستان کی آزادی کے ستر سال بھی مکمل ہوچکے، یہ آزادی ٹرین پاکستانی تاریخ کو بھرپور اجاگر کررہی ہے، ٹرین میں پاک چین اقتصادی راہداری کا ماڈل آزادی ٹرین میں بھی رکھا گیا ہے،

انہوں نے کہا کہ تمام عوام کو چاہیے کہ وہ بھی اپنے بچوں کو آزادی ٹرین دکھا کر تاریخ سے روشناس کرائیں۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے افتتاح کے بعد آزادی ٹرین اپنے ملک گیر سفر پر روانہ ہوگئی،

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ٹرین شام ساڑھے چاربجے پشاور کینٹ پہنچے گی،ٹرین کل دوبارہ پشاور سے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی اور سہ پہرکو راولپنڈی پہنچے گی جہاں وہ پیر کے روزقیام کرے گی۔

خصوصی آزادی ٹرین اس مہینے کی پندرہ تاریخ کو رات دس بجے لاہور کے لئے روانہ ہوگی، ٹرین لاہور میں دو روز قیام کے بعد کراچی کے لئے روانہ ہوگی، ٹرین اس مہینے کی پچیس تاریخ کو کراچی کینٹ میں اپنے سفرکا اختتام کرے گی۔

آزادی ٹرین میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ ایک سپیشل گیلری آئی ایس پی آر کے لیے بھی مختص کی گئی ہے، گیلری میں دفاعی آلات اور پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کی تصویری جھلکیاں ہیں۔ آزادی ٹرین کی آئی ایس پی آر گیلری میں برہان وانی کی تصویر لگا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ردالفساد اور خیبر فور آپریشنز کی تصاویری جھلکیاں بھی گیلری میں موجودہیں۔
https://taghribnews.com/vdcjohe8tuqeavz.3lfu.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ