تاریخ شائع کریں2017 26 August گھنٹہ 10:46
خبر کا کوڈ : 281115

مجلس وحدت مسلمین کے تحت یوم مردہ باد امریکا کا انعقاد

امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، جو عراق، افغانستان، شام اور دنیا بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے
مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کے خلاف ملک بھر میں "یوم مردہ بادامریکا" منایا گیا
مجلس وحدت مسلمین کے تحت یوم مردہ باد امریکا کا انعقاد
پاکستان کو امریکا کی دھمکی کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں امریکا مخالف مظاہرے اور ریلیاں۔
 
مجلس وحدت مسلمین کے تحت یوم مردہ باد امریکا منایا گیا۔
 
امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، جو عراق، افغانستان، شام اور دنیا بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے، مظاہرین۔
 
مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کے خلاف ملک بھر میں "یوم مردہ بادامریکا"  منایا گیا۔ چاروں صوبوں سمیت سندھ بھر میں ،کراچی ،ٹھٹہ ،سجاول ،دوڑ، حیدر آباد ، شہداد پور ،عمر کوٹ، نواب شاہ ، قاضی احمد سکھر، خیرپور ،رانی پور ،شکارپور بدین،  ماتلی اور خیرپور ناتھن شاہ سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں۔
 
نماز جمعہ کے اجتماعات میں امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس دھمکی کو پاکستانی عوام کی توہین قرار دیا گیا۔ مظاہرے میں مرد خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 
 شرکا "امریکا مردہ باد" اور  "امریکا کا جو یار ہے وہ قوم کا غدار ہے" کہ نعرے لگاتے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے رہے ۔ شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں عوام نے احتجاج میں شرکت کی۔
 
احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی و صوبائی رہنماوں نے کی۔ اس سلسلے میں مزکری مظاہرہ جامع مسجد خوجہ اثا عشری کھادار کے باہر کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال ،علاممہ مقصود علی ڈومکی ،مولانا نشان حیدر، مولانا نقی ،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی و دیگر نے کہا کہ "ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔"
 
 انھوں نے کہا کہ "پوری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی استعماری طاقتوں کو دنیا بھر میں بدترین شکست کا سامنا ہے، ہم امریکا کو ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالے، امریکی صدر کی ہرزہ سرائی پر بعض حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے اور پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ بھی ہے،  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید  باجوہ نے امریکا کو جواب بھرپور دیا، کرپٹ حکمران کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وقار کا دفاع نہیں کرسکتے۔"
 
مقررین نے کہا کہ "امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، شام ،عراق ،افغانستان میں اس کا غرور خاک میں مل چکا ہے،امریکا اپنی موت ابدی موت مرنے کو ہے، ہم ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کو پاکستانی عوام کی توہین سمجھتے ہیں، پاکستان کے حکمران امریکا کے سامنے ڈٹ جائیں، امریکی صدر نے پاکستان کے غیور عوام کی توہین کی ہے، اس کا ازالہ یہ ہے کہ امریکن سفیر اور اس کے عملے کو ملک بدر کیا جائے، امریکا ویت نام ،لبنان اور عراق میں اپنے حشر کو یاد رکھے۔"
 
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ "امریکا سن لے، ہم نے شام ،عراق، ایران، افغانستان، لبنان میں تمھیں شکست دی اور تمھارا غرور خاک میں ملا دیا ،اب اگر پاکستان کی طرف کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو ہم پاکستان کی سرزمین امریکیوں کے لئے قبرستان بنا دیں گے، پاکستان کے حکمران امریکی کاسہ توڑ کر قومی غیرت و حمیت کا دفاع کریں، قوم کا بچہ بچہ مادر وطن کی دفاع کے لئے سربکف تیار ہے، ہم امریکا اور انڈیا کے اس سازش سے بخوبی آگاہ ہیں، پاکستان میں معاشی ترقی کو دیکھ کر ہندوستان اور امریکا پاگل پن کا شکار ہیں ،امریکا،  شام اور عراق سے داعش کو افغانستان منتقل کر رہا ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ان ناسوروں کے مقابلے کے لئے تیار رہیں۔"
 
احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد کے نعرے درج تھے۔
 
جامع مسجد نورایمان کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مولانا زاہد حسین نے کہا کہ "امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ نفسیاتی مریض ہے، اس کے دل میں جو آتا ہے، بغیر سوچے سمجھے کہتا ہے، اس وقت بھی اس نے پاکستان کی سولہ سالہ دوستی کا یہ صلہ دیا ہے کہ پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کا لزام لگایا ہے، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ دہشت گرد پاکستان نہیں، بلکہ خود امریکا ہے، جو کبھی طالبان پالتا ہے تو کبھی داعش کی شکل میں دہشت گردوں کو جنم دیتا ہے، ساری دنیا پاکستان کی قربانیوں کی قدر کررہی ہے، لیکن امریکی صدر اپنی ہانک رہے ہیں۔"
 
جامع مسجد بوتراب میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں علما نے کہا کہ "امریکا کو اس وقت پاکستان، ایران، چین اور روس کی دوستی کھٹک رہی ہے، امریکا اور اس کے آلہ کار پریشان ہیں کہ پاکستان اور چین اقتصادی راہداری منصوبہ بنارہے ہیں، جس سے ایک طرف تو پاکستان خودمختار ہوگا، دوسری جانب چین بھی اقتصادی پاور بن جائے گا، لہذا اسی لئے امریکا نے پاکستان پر الزام لگایا ہے، حالانکہ دنیا بھر کے ملک پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کررہے ہیں، اور جو ایسا نہیں کر رہے وہ خود امریکا کے غلام ہیں۔"
 
جامع مسجد حسینی ملیر میں بھی امریکا کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کے حوالے سے نئی پالیسی مسترد کرتے ہیں، امریکا کا پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ نیا نہیں، امریکا کی پاکستان کو دھمکی دینا الٹا چور کوتوان کو ڈانٹنے کے مترادف ہے، شرکا کا کہنا تھا کہ امریکا خود عالمی دہشت گرد ہے، جو تمام  اسلامی ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔"
 
مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی دباو میں آئے بغیر امریکا کی ہر دھمکی کا جواب دیا جائے۔
 
دفاع پاکستان کونسل کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا، مظاہرین سے دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ "جس طرح پاکستان بنایا تھا، اس طرح پاکستان کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں، ساری دنیا میں امریکا دہشت گردی پھیلا رہا ہے، اور پھر دوسرے ملکوں پر الزام لگاتا ہے، افغانستان، شام، عراق، لیبیا اور فلسطین کی تباہی کا ذمہ دار کون ہے، سب جانتے ہیں امریکا اپنے ساتھ بعض ملکوں کو ملا کر مسلم امہ کو برباد کر رہا ہے، اس وقت بھی امریکا نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے، جو امریکی دھمکی کا بھرپور جواب دینا جانتی ہے۔" انھوں نے کہا کہ "امریکا یا ساری دنیا پاکستان کو معمولی نہ سمجھے، پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار ہے، جو ہر مشکل سے ٹکرانا جانتی ہے۔"
 
ادھر کراچی کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، خیرپور، ماتلی اور ٹنڈوآدم سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں بھی یوم مردہ باد امریکا منایا گیا، اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
 
ٹنڈو محمد خان میں  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف مسجد علی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، امریکا کی پاکستان کو دھمکانا بے کار ہے، پاکستانی قوم کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگی، ہم اسلامی ایٹمی قوت ہیں، پاکستان کی جانب کسی نے بھی میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔"
 
 
 
 
 
https://taghribnews.com/vdchzznim23n6zd.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ