تاریخ شائع کریں2017 23 August گھنٹہ 17:28
خبر کا کوڈ : 280819

ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی

ملی یکجہتی کونسل نے ہمیشہ ملک میں بین المسالک ہم آہنگی کی فضا کو فروغ دیا، لیاقت بلوچ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی انتہائی قابل مذمت ہے
ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی انتہائی قابل مذمت ہے۔ ریاست پاکستان کے مقتدر اداروں کو اب فیصلہ کرنا چاہیے کہ کیا امریکہ پاکستان کا دوست ہے یا دشمن۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے منصورہ لاہور میں کونسل کے ایک اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا، پروفیسر حافظ سعید کے خلاف اقدامات اور پاکستان سے ڈو مور کا تقاضا امریکی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکری ترجمان کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات بالخصوص 2013ء میں عاشورہ محرم کے موقع پر راولپنڈی میں ہونے والے سانحہ کے بارے انکشافات سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا موقف ایک مرتبہ پھر درست ثابت ہوگیا ہے کہ ملک میں ایک ہی گروہ شیعہ و سنی قتل و غارت میں ملوث ہے، جو بیرونی ایجنڈے کے مطابق ملک میں فرقہ واریت کو پھیلانا چاہتا ہے۔ کونسل نے ہمیشہ دشمن کی تمام تر سازشوں کو ہمیشہ بروقت بے نقاب کیا ہے۔

کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ 2013ء میں راولپنڈی میں عاشورہ کے واقعہ کے فوراً بعد ہمارا ایک وفد مختلف مسالک کے علماء سے ملا، مدرسہ تعلیم القرآن کا دورہ کیا گیا اور امام بارگاہوں پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔ اسی طرح کونسل کے سربراہی اجلاس میں جنرل (ر) حمید گل مرحوم کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی، جس نے اس مسئلہ کو سلجھانے اور مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ملی یکجہتی کونسل کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر کے انکشافات سے یہ سبق ملتا ہے کہ مختلف مسالک کے لوگوں کو کسی بھی فرقہ وارانہ واقعہ پر فوری اور جذباتی ردعمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے، بلکہ پہلے اس کی تحقیق اور تصدیق کرنی چاہیے، تاکہ دشمن اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اجلاس میں کونسل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کو چاہیے کہ مل کر ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھیں۔ علماء کے اتحاد کا مظاہرہ دیکھ کر عوام پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اجلاس میں کونسل کے آئندہ اجلاسوں اور پروگراموں کی توثیق اور تائید کی گئی۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام 18 ستمبر کو ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی سپریم کونسل کا اجلاس تنظیم اسلامی کی میزبانی میں ہوگا، اسی طرح 18 ستمبر کو ہی انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کی میزبانی میں ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی، 24 ستمبر کو امام حسین امن و سلامتی کانفرنس ھدیۃ الہادی کے زیراہتمام منعقد کی جائے گی۔

صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر 27 اگست کو اسلام آباد میں کونسل کے ایک اجلاس کی سربراہی بھی کریں گے، یہ اجلاس جماعت اہل حرم کے زیر اہتمام منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین پیر معین الدین کوریجہ، جمعیت اتحاد علمائے پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالمالک، جمعیت علمائے پاکستان کے سینیئر نائب صدر مفتی طاہر تبسم، جمعیت علمائے پاکستان کے نائب صدور بیرسٹر وسیم الحسن اور میاں محمد بشیر، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور نیز جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی قائدین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
https://taghribnews.com/vdchzvniw23n66d.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ