تاریخ شائع کریں2017 23 November گھنٹہ 12:32
خبر کا کوڈ : 295133

پاکستان کے وزیر خزانہ فارغ کر دیئے گئے

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں
ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی اور مشاورت کے بعد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان کسی اور شخص کودینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے
پاکستان کے وزیر خزانہ فارغ کر دیئے گئے
پاکستان کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسحاق ڈار نے طبعیت کی  ناسازی کے باعث وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چھٹی سے متعلق خط لکھا جس پر سابق وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کی  چھٹیاں منظور کرتے ہوئے ان سے تمام ذمہ داریاں واپس لے لیں۔

وفاقی وزرا اور وزیر مملکت کی چھٹی اور استحقاق سے متعلق رولز 17 (1) 1975 کے مطابق انہیں چھٹی دی گئی ہے، رولز کے تحت یہ چھٹی زیادہ سے زیادہ 3 ماہ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ اسحاق ڈار سے واپس لی گئی ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی اور مشاورت کے بعد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان کسی اور شخص کودینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں ایک وزیر مملکت کو خزانہ کا چارج دیا جائے گا تاکہ اسمبلی اور سینیٹ کے امور کو نمٹایا جا سکے لیکن وزارت توانائی اور پٹرولیم کی طرح وزارت خزانہ بھی وزیراعظم کے پاس ہی رہے گی۔

اسحاق ڈار گزشتہ کئی دنوں سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا عارضہ قلب  کا علاج جاری ہے جب کہ ڈاکٹروں نے انہیں ناسازی طبعیت کے باعث سفر کرنے سے منع کیا  ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے  اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنسز میں  فردجرم عائد کررکھی ہے جب کہ مقدمات سے مسلسل غیر حاضری پر انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے۔
https://taghribnews.com/vdcc1pqi12bqos8.c7a2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ