تاریخ شائع کریں2021 14 January گھنٹہ 10:10
خبر کا کوڈ : 489580

سانحہ مچھ کے شہداء کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا تعزیتی اجلاس

اس وقت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایک پیج پر ہونا پڑے گا، بھارت اور اسرائیل ملک میں بدامنی کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن ہمیں مل کر ان سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا
سانحہ مچھ کے شہداء کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا تعزیتی اجلاس
سانحہ مچھ کے شہداء کیلئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے دفتر وحدت ہاؤس کراچی میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، ملی یکجہتی کونسل میں شامل مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اسد اللہ بھٹو، علامہ قاضی احمد نورانی،حافظ محمد امجد، مولانا عقیل انجم، مولانا عبدالوحید، مسلم پرویز نے شرکت کی اور سانحہ مچھ کے شہداء کی تعزیت پیش کی۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے علماء کا اہم کردار ہے، علماء نے تمام حساس معاملات میں ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کرکے دشمن کی سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی فرقہ وارانہ دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس وقت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایک پیج پر ہونا پڑے گا، بھارت اور اسرائیل ملک میں بدامنی کی سازشوں میں مصروف ہیں، لیکن ہمیں مل کر ان سازشوں کا ناکام بنانا ہوگا۔ علامہ باقر عباس زیدی نے ملک کے مختلف شہروں میں دیئے گئے دھرنوں میں شرکت پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، عمائدین، کارکنان اور اپنی قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کے مجرموں اور ان کے سرپرستوں کی گرفتاری حکومتی نااہلی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے ایسے قومی سانحات جنم لے رہے ہیں، دشمن پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں، جو لوگ مذہب کو دوسرے انسانوں کے گلے کاٹنے کیلئے استعمال کرتے ہیں، ان کا مذہب تو دور بلکہ انسایت سے بھی کوئی تعلق نہیں، ایسے افراد سے جانور بہتر ہوتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ طاغوتی طاقتیں ہم سب کو ایک دوسرے سے دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں، اس وقت ہماری سب سے اہم ذمہ داری ہے کہ ہم آپس میں ایک ہونے کیلئے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے اور وطن عزیز سے دہشتگردوں اور داعش کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن کا مطالبہ کیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ ریاست کی طرف سے ایسے اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا جانا چاہیئے، جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ حکومت اور ریاستی ادارے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، تاکہ ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی ہو، ملک کے امن و استحکام کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان کو محفوظ پناہ گاہ سمجھنے والے شرپسندوں کیلئے اس سرزمین کو قبرستان بنا کر منطقی انجام تک پہچانا ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری قوم جیت چکی ہے، بزدلانہ کارروائیوں سے اسے شکست میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، ملک دشمنوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب ارض پاک ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر اور ناصر الحسینی بھی موجود تھے۔
https://taghribnews.com/vdcdjn0ozyt0jk6.432y.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ