تاریخ شائع کریں2021 15 May گھنٹہ 22:28
خبر کا کوڈ : 504057

مسئلہ فلسطین پر شاہ محمود کا چینی، سوڈانی، مصری ہم منصب کیساتھ رابطہ

وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے شدید خطرے کا باعث قرار دیا۔
مسئلہ فلسطین پر شاہ محمود کا چینی، سوڈانی، مصری ہم منصب کیساتھ رابطہ
 وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا چینی ، سوڈانی اور مصری ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، رابطے کے دوران دو طرفہ تعلقات، فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود نے چینی ہم منصب کیساتھ کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود نے پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے چین کی مسلسل معاونت اور ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی پر چینی قیادت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ 

وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے شدید خطرے کا باعث قرار دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسجد اقصٰی میں عبادت میں مصروف نمازیوں پر حملہ اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل، اسرائیلی جارحیت کے سدباب اور نہتے فلسطینیوں کو بربریت سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو فوری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو فلسطین کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عالمی برادری کے ساتھ جاری روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی وزیر خارجہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا

وزیر خارجہ نے افغان سرزمین سے بیرونی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء، پرتشدد کارروائیوں میں کمی اور افغان گروہوں کے مابین مکمل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کا درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا علاقائی و بین الاقوامی سطح پر، امن و استحکام اور قانون کی بالادستی کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، پرامن، خودمختار اور مستحکم افغانستان کا حامی ہے۔ پاکستان، افغان قیادت میں افغانوں کو قبول جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے دیرپا حل کا متمنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے چین، افغانستان، پاکستان پر مشتمل، سہ رکنی وزرائے خارجہ مذاکراتی فورم، خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے ‏چین کے ایکسپلوریشن مشن کی مریخ پر کامیاب لینڈنگ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چینی خلائی مشن کی مریخ پر لینڈنگ ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کی تاریخی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2021 ء پاکستان اور چین کی مثالی اور لازوال دوستی کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ رواں سال پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور اسٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے۔

پاکستان اور سوڈان کا مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق

دوسری طرف سوڈان کی وزیر خارجہ مریم الصادق المہدی نے وزیر خارجہ شاہ محمود کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کی نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے سوڈانی ہم منصب کو فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے اور عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے عالمی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر جاری مظالم بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی علمبردار قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان، کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ پاکستان، فلسطینیوں کی حق ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے فلسطینی صدر کیساتھ ٹیلیفونک رابطے میں فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں: مصری وزیر خارجہ

مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود کا مصری ہم منصب سمیع حسن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں فلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسجد اقصیٰ پر حملے اور ظالم اسرائیل کی طرف سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ثالثی کی کاوشوں پر مصر کو سراہا اور اتوار کو ہونے والی او آئی سی میٹنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

مصری وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو ثالثی سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ خطے میں امن کیلئے کوششوں پر پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔
https://taghribnews.com/vdcamynm049nww1.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ