تاریخ شائع کریں2021 15 April گھنٹہ 15:49
خبر کا کوڈ : 500084

کسی کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور نا ہی پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔
کسی کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں
وزیراعظم پاکستان  عمران خان نے کہا ہے کہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے، مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزرا اور حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا،  وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، جب کہ شرکا کو تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور نا ہی پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے  پریس کانفرنسز کریں۔ وزیراعظم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔

رحمت العالمین ص اسکالر شپ پروگرام کا آغاز

اس سے قبل رحمت العالمین ص اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی ص دنیا کے سب سے عظیم انسان ہیں، اور ان کی تعریف نہ صرف مسلمان بلکہ غیرمسلم بھی کرتے ہیں، لیکن میں آج تک نہیں دیکھا کہ ہم نے اپنے زندگیوں کو نبی ص کی سیرت اور تعلیمات میں ڈھالا ہو، ہم مسجد میں تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں لیکن مسجد سے باہر  یہ کام نہیں ہوتا، جب کہ قرآن کہتا ہے کہ نبی ص کی زندگی سے سیکھو اور ان کی سنت پر چلو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے نبی ص کی تعلیمات کو عام آدمی کی زندگی میں لے کر آئیں اور ان کی سنتوں کو عام کریں، اپنی زندگیاں ری ماڈل کرناہماری سب سےبڑی کاوش ہوگی، تعلیم کے بغیر کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی، وفاقی حکومت  اسکالرشپ پروگرام میں تعاون کررہی ہے، اور ہر سال 5.5 ارب روپے 70 ہزار اسکالر شپ پرخرچ کرے گی، اور مجموعی طور پر ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپز دی جائیں گی، احساس پروگرام کےذریعے عوام کو ٹارگٹڈسبسڈی فراہم کر رہےہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا،  طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی، کمزور شخص جتنی بڑی چوری بھی کرلے لیکن وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، لیکن طاقتور آدمی اربوں کی چوری کرتا ہے اور اسے باہر لے جانا پڑتا ہے کیوں کہ اگر وہ پیسہ ملک میں رہے گا تو سب کو نظر آئے گا، عام آدمی کو انصاف ملے تو وہ اپنے ملک سے پیار کرتے گا، انصاف کی بالادستی اور تعلیم سے ہی ہمارا ملک فلاحی ریاست بنے گا۔
https://taghribnews.com/vdcg7z9ntak9zz4.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ