>> تقريب خبررسان ايجنسی (TNA) - عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو حکمرانوں پر زمین تنگ ہوجائے گی - پرنٹ کریں

QR codeQR code

عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو حکمرانوں پر زمین تنگ ہوجائے گی

2 Mar 2021 گھنٹہ 18:28

سینیٹ کی چند سیٹوں کے لئے جس طرح سیاسی منڈی لگی ہوئی ہے اس نے سب جماعتوں کے بھید کھول دیئے ہیں اور ساتھ ساتھ سب سیاسی بازیگروں کے اصلی چہرے بھی سامنے آگئے ہیں


 معروف عالم دین اور خطیب اہل بیتؑ علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی چند سیٹوں کے لئے جس طرح سیاسی منڈی لگی ہوئی ہے اس نے سب جماعتوں کے بھید کھول دیئے ہیں اور ساتھ ساتھ سب سیاسی بازیگروں کے اصلی چہرے بھی سامنے آگئے ہیں۔

ایک بیان میں علامہ حسن ظفر نقوی نے پاکستان میں ہونے والے سینٹ کے انتخابات کو پاکستان کی مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کے ساتھ بھیانک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام کی فکر نہیں ہے بلکہ اپنی اپنی سیٹوں کی تعداد بڑھانے کی فکر ہے، کراچی شہر کسی عالمی جنگ کی تباہی کے مناظر پیش کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس کراچی کی صفائی ستھرائی کیلئے پیسے نہیں ہیں مگر اربوں روپیہ ووٹوں کی خریداری کیلئے موجود ہیں، کراچی والوں کے ساتھ خاص طور پر جو ظالمانہ اور متعصبانہ سلوک روا رکھا جارہا ہے اس کے نتائج انتہائی بھیانک نکل سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس دن عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اُس دن حکمرانوں پر یہ زمین تنگ ہوجائے گی، اب بھی حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں اور شہر سے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کریں تاکہ غریب اور مڈل کلاس آدمی کو ریلیف مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 495039

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/495039/عوام-کے-صبر-کا-پیمانہ-لبریز-ہوا-حکمرانوں-پر-زمین-تنگ-ہوجائے-گی

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com