QR codeQR code

پاکستان میں کورونا کا ایک سال مکمل اموات 12 ہزار 804

26 Feb 2021 گھنٹہ 16:26

کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 541 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 32 افراد زندگی کی بازی ہار گئے


آج پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کو ایک سال مکمل ہوگیا، اس وبا کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے انسانوں نے بے مثال صورتحال کا سامنا کیا تاہم اب وائرس سے بچاؤ کی ویکسینز لگائی جارہی ہیں جس سے اُمید ہے کہ پوری دنیا اپنے معمول پر جلد ہی لوٹ جائے گی۔

کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 541 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 32 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 77 ہزار 482 ہوگئی جبکہ اموات 12 ہزار 804 تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب مزید 2 ہزار 505 مریض اس وبا سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے صحتیاب ہوئے، یوں ملک میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 285 رہ گئی جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار 393 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

تاہم اپریل سے ہی پابندیوں میں نرمی کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو مئی میں رمضان اور عید کے موقع پر بہت زیادہ نرم ہوگئی تھیں جس کے نتیجے میں جون کے دوران پاکستان نے وبا کا عروج دیکھا جس میں یومیہ کیسز 6 ہزار سے تجاوز کر گئے تھے۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔
تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

بعدازاں تعلیمی ادارے کو جنوری 2021 سے مرحلے وار کھول دیے گئے البتہ حکومت نے تعلیمی سلسلے کو یکم مارچ سے معمول کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی شادیوں، سینما گھروں پر عائد پابندیاں 15 مارچ سے ختم ہوجائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 494495

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/494495/پاکستان-میں-کورونا-کا-ایک-سال-مکمل-اموات-12-ہزار-804

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com