تاریخ شائع کریں2021 8 February گھنٹہ 10:52
خبر کا کوڈ : 492359

پاکستان میں کورونا سے مزید 59 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال قدر بہتر رہی اور یہاں بڑی تعداد میں لوگ صحتیاب ہوگئے
پاکستان میں کورونا سے مزید 59 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال قدرے بہتر رہی اور یہاں بڑی تعداد میں لوگ صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں اس عالمی وبا کی اگرچہ دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ چند روز سے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے اور 31 اکتوبر یعنی 3 ماہ سے زائد عرصے کے بعد آج سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 37 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 59 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 511 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 26 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 260 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 502 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 31 ہزار 983 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تاہم اس کے باوجود اموات کی تعداد اب بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔
https://taghribnews.com/vdcbs5ba9rhb9fp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ