QR codeQR code

ملتان: جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن کے کارکن قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل

28 Nov 2020 گھنٹہ 17:17

ملتان میں اپوزیشن کے اعلان کردہ جلسے کے حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران اپوزیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کرلی ہے


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن پارٹیوں کے کارکن تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں اپوزیشن کے اعلان کردہ جلسے کے حوالے سے گزشتہ چند روز کے دوران اپوزیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کرلی ہے۔ حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت جلسے کی اجازت نہیں دی اور ملتان ڈویژن میں کورونا ایس پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 9 مقدمات درج ہوچکے ہیں جب کہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جلسہ ضرور ہوگا۔

ملتان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الگ الگ ریلیاں نکالیں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کا رخ کیا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قیادت علی موسی گیلانی کررہے تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن عبدالرحمان کانجو اور طارق رشیدکی قیادت میں قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچے، بعد ازاں جے یو آئی (ف) کے قافلے بھی اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے۔

دوسری جانب کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کورونا کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ کسی عوامی مجمع یا خفیہ میٹنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا وائرس سے گھبرائی ہوئی ہے، ایس او پی کی خلاف ورزی 21 توپوں کی سلامی نہیں دی جاسکتی، اپوزیشن سے گزشتہ 20 دن سے مذاکرات کی کوشش کررہے ہیں، کارکنوں کو چاہیے کہ اپنی لیڈر شپ کو سمجھائیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی خطاب کریں گی۔


خبر کا کوڈ: 483730

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/483730/ملتان-جلسے-کی-اجازت-نہ-ملنے-پر-اپوزیشن-کے-کارکن-قاسم-باغ-اسٹیڈیم-میں-داخل

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com