QR codeQR code

سعودی اتحاد کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا

25 Nov 2020 گھنٹہ 17:19

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ اب اس کے بعد سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا اور زیادہ مستعدی سے جواب دیا جائے گا اور آرامکو آئل ریفائنری سے کہیں زیادہ شدید حملے کئے جائیں گے


یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اعظم نے جارح ملکوں کے زیر قبضہ علاقوں منجملہ عدن اور دوسرے علاقوں کی صورت حال کو ابتر قرار دیا ہے۔ انہوں نے مذکورہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جارحین کے مقابلے میں ڈٹ جائیں۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اعظم عبد العزیر بن حبتور نے سعودی اتحاد اور اس کے آلۂ کاروں کے مقابلے میں استقامت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے سعودی اتحاد اور اس کے کرائے کے فوجیوں کے زیر قبضہ یمنی علاقوں کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غاصبوں اور جارحین کے مقابلے میں بھرپور طریقے سے ڈٹ جائیں اور جارحین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

عبد العزیر بن حبتور نے عدن سمیت یمن کے مختلف مقبوضہ علاقوں میں سعودی اتحاد کے مخالف کمانڈروں کے ساتھ مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا اور ان کی مدد کئے جانے کے ساتھ ساتھ جارحین کے مقابلے میں استقامت سے کام لینے کی اپیل کی۔

درایں اثنا یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ اب اس کے بعد سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا اور زیادہ مستعدی سے جواب دیا جائے گا اور آرامکو آئل ریفائنری سے کہیں زیادہ شدید حملے کئے جائیں گے۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رکن علی القحوم نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں آرامکو آئل ریفائنری پر یمن کی مسلح افواج کے میزائل حملے سے سعودی حکام کی بوکھلاہٹ نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کی طاقت و توانائی میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔

یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے پیر کو " قدس دو " میزائل سے شہر جدہ میں آرامکو آئل کمپنی کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملہ کیا تھا۔

دوسری جانب یمنی فوج کے اس حملے سے بوکھلائے سعودی حکام نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے خلاف شکایت کی ہے۔ سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ توانائی کو علاقائی و عالمی سطح پر لاحق خطرات کا مقابلہ کرے۔ اپنی اس شکایت میں سعودی عرب نے یمن کی مسلح افواج کے آرامکو آئل ریفائنری پر کئے جانے والے حملے کا ذکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے-


خبر کا کوڈ: 483398

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/483398/سعودی-اتحاد-کی-جارحیت-کا-بھرپور-جواب-دیا-جائے-گا

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com