تاریخ شائع کریں2020 14 November گھنٹہ 20:51
خبر کا کوڈ : 482092

کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں 5.1 شدت کا زلزلہ

ہفتے کی صبح کوئٹہ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں 5.1 شدت کا زلزلہ
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ہفتے کی صبح کوئٹہ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں، دفاتر و دیگر عمارتوں سے باہر آگئے۔

اس حوالے سے زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 38 کلو میٹر دور تھا۔ زلزلے نے نہ صرف کوئٹہ بلکہ مستونگ، پشین اور دیگر علاقوں کو بھی متاثر کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 16 اکتوبر کو پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا کے شمالی علاقوں میں شدید زلزلہ محسوس کیا گیا تھا جس کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔

گزشتہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں تھا جہاں اس کی گہرائی 27 کلو میٹر تھی اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔

یاد رہے رواں برس 16جون کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں دن میں زلزلہ محسوس کیا گیا تھا تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان میں سطح زمین سے 112 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

اس سے قبل 24 ستمبر2019 کو پنجاب اور آزاد کشمیر میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے جہلم اور آزاد کشمیر کے علاقے میر پور کو سب سے زیادہ متاثر کیا تھا۔
https://taghribnews.com/vdceow8ewjh8v7i.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ