تاریخ شائع کریں2020 28 October گھنٹہ 15:49
خبر کا کوڈ : 480187

تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم: این سی او سی پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر گھروں سے باہر نکلنے والے تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی،
تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم: این سی او سی پاکستان
پاکستان کی نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر گھروں سے باہر نکلنے والے تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا ہے۔

این سی او سی کی یہ ہدایت وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر کے اعلان کے ایک روز بعد جاری کی گئی۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی دوسری لہرکے پیش نظرحکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اس دوران اجلاس کو کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد سے متعلق بریفننگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ، سیکیرٹری صحت سمیت دیگر حکام شریک ہوئے جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ این سی او سی میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اور نجی دونوں طرح کے دفاتر میں ماسک پہننا لازم قرار دیا جائے۔

این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق تمام صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام میں فیس ماسکس پہننے، بالخصوص بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور ریسٹورنٹس میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے گیارہ شہروں بشمول کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی، ملتان، پشاور،اسلام آباد، حیدرآباد، میر پور، گلگت، مظفرآباد اور کراچی میں 4 ہزار 374 مقامات پر لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں۔

وزارت قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 14 مریض انتقال کر گئے۔ وزارت قومی صحت کے ساجد شاہ نے کہا تھا کہ اگر کووِڈ 19 کیسز کی تعداد یوں ہی بڑھتے رہے تو حکومت کے پاس تکلیف دہ فیصلے لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچے گا جس کی وجہ سے ملک کی معیشت پر اثر پڑے گا۔
https://taghribnews.com/vdch6vnkq23n6zd.4lt2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ