تاریخ شائع کریں2020 27 October گھنٹہ 16:24
خبر کا کوڈ : 480063

پشاور : دیرکالونی میں مدرسے کے اندر دھماکے، 8 افراد جاں بحق، 110 زخمی

وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پشاور واقعے پرگہرے افسوس کا اظہار۔ یقین دلاتے ہیں کہ ذمہ دار دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
پشاور : دیرکالونی میں مدرسے کے اندر دھماکے، 8 افراد جاں بحق، 110 زخمی
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر پشاور کی دیرکالونی میں مدرسے کے اندر دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 110 زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پشاور واقعے پرگہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں مدرسے پردہشت گرد حملے سے گہرا صدمہ ہوا ہے، وہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ذمہ دار دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع مدرسے کئے اندر اس وقت دھماکا ہوا جب بچوں کی بڑی تعداد دینی تعلیم حاصل کررہی تھی۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ابتدائی طور پر اہل علاقہ نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کیا  جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے علاوہ امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں طبی عملے نے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 110 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں جو مدرسے میں ہی تعلیم حاصل کررہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک بیگ میں رکھا گیا تھا، جو ایک شخص رکھ کر گیا تھا۔ اے آئی جی شفقت ملک نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، جو ٹائم ڈیوائس سے منسلک تھا۔

سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ ہر پہلو سے واقعے کو دیکھ رہے ہیں، مدرسے میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کی تلاش جاری ہے۔ عوام کو بھی اپنی سیکیورٹی کا خیال رکھنا چاہیے۔

پاکستان کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،امن عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے کے متاثرین اور شہدا کے لئے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
 
https://taghribnews.com/vdcaiwnye49naw1.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ