QR codeQR code

ہولوکاسٹ کاانکارجرم، یورپ قوانین تبدیل کرے: صدر ڈاکٹر عارف علوی

26 Oct 2020 گھنٹہ 16:16

یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار جرم ہے اور پھر بھی توہین آمیز کارٹونوں کی عوامی نمائش کی اجازت دینے پر اصرار کیا جاتا ہے تو ایسے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا۔ صدر پاکستان


پاکستان کے صدر نے ہولوکاسٹ سے انکار کو جرم اورگستاخانہ خاکوں کی اجازت کو ایک منافقانہ قرار دیتے ہوئے اس قسم کے قوانین کو بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار کو جرم قرار دینے اور گستاخانہ خاکوں کی اجازت دینے جیسے مکروہ عمل کو منافقانہ قوانین قرار دیتے ہوئے ان کی تبدیلی پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے صدر نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ جب اظہار رائے کی آزادی کے لبادے میں ایسی مذموم کارروائیوں کی اجازت دی جائے تو انتہا پسند فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار جرم ہے اور پھر بھی توہین آمیز کارٹونوں کی عوامی نمائش کی اجازت دینے پر اصرار کیا جاتا ہے تو ایسے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا۔

صدر پاکستان نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کی عمدہ ترجمانی ہے، ہم ان خیالات میں متحد ہیں، حضرت محمد(ص) کے بارے میں ہمارے جذبات کا احترام کرنا چاہئے، آج دنیا کو اشد ضرورت ہے کہ لوگوں کو متحد کیا جائے۔

عارف علوی نے فرانس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پالیسی میں تنہائی اور انتہا پسندی کے جال میں پھنسنے کے بجائے اپنی پوری آبادی کو متحد کرنے کے لئے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرے اور کسی بھی مذہب کے پرامن پیروکاروں کو تنہا کرنے کے بجائے انتہا پسند اور دہشت گرد عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے نپے تلے بیانات دے۔

دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے امریکہ کی ملٹی نیشنل کمپنی اور دنیا کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو خط لکھ کر اسلام مخالف مواد پر پابندی عائد کا مطالبہ کیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ نفرت مخالف مواد پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح فیس بک پر ہولوکاسٹ کی مخالفت اور اس پر تنقید پر پابندی عائد ک ہے، اسی طرح اسلام مخالف مواد پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک اور ٹویٹ میں عمران خان نے فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے، فرانسیسی صدر کو دنیا کو تقسیم کرنے کے بجائے معاملات کو حل کرنا چاہئے تھا۔

انہوں نے توہین آمیز خاکوں کے ذریعے اسلام پر حملے کو لاعلمی کا نتیجہ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر میکرون کو انتہا پسندوں کو موقع نہیں دینا چاہیے تھا، انہوں نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔


خبر کا کوڈ: 479943

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/479943/ہولوکاسٹ-کاانکارجرم-یورپ-قوانین-تبدیل-کرے-صدر-ڈاکٹر-عارف-علوی

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com