تاریخ شائع کریں2020 28 September گھنٹہ 16:30
خبر کا کوڈ : 477247

پاکستان: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف گرفتار

منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں جسٹس سردار نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی
پاکستان: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف گرفتار
منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں جسٹس سردار نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔ اس دوران شہباز شریف کی طرف سے بولنے کی اجازت مانگنے پر جج نے کہا کہ ابھی وکلا دلائل دے رہے ہیں اگر کوئی بات رہ جائے تو آپ اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں صفحات پر مشتمل 58 والیمز میں شہباز شریف کے خلاف کوئی دستاویزی شہادت موجود نہیں ہے، شریف گروپ آف کمپنیز کے کسی ریکارڈ سے شہباز شریف کا کوئی لینا دینا نہیں ہے جب کہ شریف گروپ آف کمپنیز وہ کمپنیاں ہیں جن میں شہباز شریف کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔

شہباز شریف نے عدالت سے کہا کہ عاجزی سے کہتا ہوں کہ نیب کو ڈھائی سو سال لگ جائیں لیکن ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملے گی، قومی خزانے کا ایک ارب بچایا اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کیے جب کہ میرے فیصلے سے میرے بھائیوں اور میرے بچوں کو نقصان ہوا، میں نے اپنے ضمیر کی آواز پر نہ کسانوں کو نقصان پہنچایا نہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، اگر کرپشن کی ہوتی تو واپس کیوں آتا لندن میں رہ کر زندگی گزارتا، حکومت میری زبان بندی چاہتی ہے۔

عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج کردی جس کے بعد نیب حکام نے انہیں گرفتار کرلیا۔ نیب کی ٹیم سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو لیکر آفس پہنچ گئی ہے جہاں میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں حوالات منتقل کر دیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھیلنے سے انکار کیا جو انہیں ان کے بھائی کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے، انہوں نے نواز شریف کے خلاف کھڑے ہونے کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے کھڑا ہونا بہتر سمجھا، شہبازشریف آپ کو سلام، آپ نے کچھ غلط نہیں کیا۔


شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی، عدالت کی جانب سے ضمانت میں توسیع نہ ملنے اور نیب کی گرفتاری کے بعد لیگی کارکن مشتعل ہوگئے اور احاطہ عدالت میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور اینٹی رائٹ فورس کے دستوں کو لاہور ہائیکورٹ کے اندر و اطراف میں تعینات کیا گیا تھا۔


ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے لئے کورونا ایس او پیز کو مکمل فالو کیا جائے گا، جس سیل میں شہباز شریف کو رکھا جائے گا وہاں ڈس انفکشن اسپرے کر دیا گیا ہے، شہباز شریف سے تحقیقات کے دوران بھی کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا جب کہ دوران تفتیشی افسران اور شہباز شریف کے درمیان کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ ہو گا، نیب کا کوئی بھی آفسر بغیر ماسک اور سینٹائزر کے شہباز شریف سے ملاقات نہیں کرے گا۔
https://taghribnews.com/vdcay0ny049n0u1.zlk4.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ