تاریخ شائع کریں2020 18 September گھنٹہ 19:24
خبر کا کوڈ : 476237

عالمی برادری بھارت کو اسلحے کی غیر متناسب تعداد سے باز رکھے: دفتر خارجہ پاکستان

پاکستان کا بھارت کی جانب سے فرانسیسی ساختہ 5رافیل لڑاکا طیاروں کو اپنی فضائیہ میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہار،
عالمی برادری بھارت کو اسلحے کی غیر متناسب تعداد سے باز رکھے: دفتر خارجہ پاکستان
پاکستان نے بھارت کی جانب سے فرانسیسی ساختہ 5رافیل لڑاکا طیاروں کو اپنی فضائیہ میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں منفی اثرات پڑیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چین سے کشیدگی کے باوجود بھارت اپنے جوہری ہتھیاروں کو تعداد اور صلاحیت دونوں پہلوؤں سے مزید وسعت دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے پہلے بھی پریس بریفننگ میں نشان دہی کیا تھا کہ رافیل طیارے دوہری صلاحیت کے حامل ہیں اور جوہری ہتھیاروں کو لے کر جانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ قابل تشویش ہے کہ بھارت اپنی سیکیورٹی ضروریات سے بڑھ کر اپنی عسکری صلاحیت میں بدستور اضافہ کررہا ہے'۔

عالمی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستند اور مشہور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے مطابق بھارت اس وقت اسلحہ درآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارت کے اسلحے کی تعداد میں اضافے اور ان کے خطرناک سیکیورٹی بیانیے کے خطرات پاکستان مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے کیونکہ اس سے جنوبی ایشیا کے استحکام پر منفی اثر پڑرہا ہے'۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اسلحہ استثنٰی، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور اسلحے کی خطرناک تجارتی مفادات کی پالیسی کی آڑ میں اکسانے کی کوشش کی جارہی ہے'۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کو اسلحے کی غیر متناسب تعداد سے باز رکھے کیونکہ اس سے جنوبی ایشیا میں اسلحے کی ایک دوڑ شروع ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی ہمسائیوں سے غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رویے سے دنیا آگاہ ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2019 میں فرانس نے 2016 میں 36 طیاروں کی خریداری کے لیے طے پانے والے معاہدے کے تحت پہلا رافیل طیارہ بھارت کے حوالے کردیا تھا۔
https://taghribnews.com/vdcipqa5yt1ayr2.s7ct.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ