QR codeQR code

جشن آزادی کی جدوجہد سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائے۔عمران خان

12 Aug 2020 گھنٹہ 18:05

جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائے اور کورونا کے باعث تقریبات میں احتیاطی تدابیر مدنظر رکھی جائیں۔ وزیراعظم پاکستان


وزیراعظم پاکستان عمران خان کے زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائے اور کورونا کے باعث تقریبات میں احتیاطی تدابیر مدنظر رکھی جائیں۔ کابینہ نے مشکوک لائسنس والے پائلٹس کی معطلی کے دورانیے میں توسیع کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا، وفاقی کابینہ نے ملکی صورتحال سمیت 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا تاہم کابینہ اجلاس میں مریم نواز کی نیب پیشی کے معاملہ پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو ملکی معاشی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے معاشی صورت حال میں حالیہ استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موڈیز کی جانب سے ملکی معیشت کی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا جانا خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے معاشی اعشاریوں میں بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم کو قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی اور لینڈ گریبنگ واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس اقدامات کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی، جس پر وزیراعظم کی آئی جی اسلام آباد کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر شاباش دیتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

کابینہ کو جشن آزادی کی تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جائے اور کورونا کے باعث تقریبات میں احتیاطی تدابیر مدنظر رکھی جائیں جبکہ جشن آزادی کے موقع پر جدوجہد آزادی سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائے۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائےتوانائی کے فیصلوں کی توثیق کردی اور محمد شاہد کو ایم ڈی پارکو تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے مارگلہ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی ، جس پر کابینہ نے مارگلہ روڈ پر موجود تجاوزات کو ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

 


خبر کا کوڈ: 472408

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/472408/جشن-ا-زادی-کی-جدوجہد-سے-نئی-نسل-کو-روشناس-کرایا-جائے-عمران-خان

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com