QR codeQR code

ایران شروع ہی سے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہے،

2 Aug 2020 گھنٹہ 19:46

افغانستان کے صدر اشرف غنی کی صدر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر گفتگو،


افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے  ایران کے صدر حسن روحانی نے افغانستان میں قیام امن کو خطے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ۔

صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ  ہے اور امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں دائمی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون کے جامع سمجھوتے کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ صدر روحانی  نے کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران نہ صرف  ایران اور افغانستان تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط کردیئے جائیں گے بلکہ خواف اور ہرات کے درمیان بچھائی جانے والی ریلوے لائن کا بھی افتتاح کردیا جائے گا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی  اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعاون کی قدردانی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کی میزبانی اور تمام تر طبی اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششیں کارگر ثابت ہوں گی۔

درایں اثنا صدر مملکت حسن روحانی نے عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

عراقی وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایرانیوں اور عراقیوں کے درمیان پائے جانے والے گہرے تعلقات نے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتوں پر عملدرآمد کی بنیادیں فراہم کردی  ہیں۔

صدر نے کہا کہ تہران اور بغداد میں پائے جانے والے عزم اور سنجیدہ کوششوں کے پیش نظر امید ہے کہ باہمی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرلیا جائے گا۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں قیام امن کے حوالے سے پر عزم  اور اپنی ذمہ داریوں پر عمل پیرا ہے۔

صدر ایران نے واضح کیا کہ ہمیں افسوس ہے کہ امریکہ اپنی تازہ سازشوں کے ذریعے خطے میں غلط اشارے اور پیغامات دے رہا ہے۔ ان کا اشارہ شام کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے ایران کے مسافر طیارے پر امریکی جنگی طیاروں کے جارحانہ اقدام  کی جانب تھا۔

عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے بھی  اس موقع پر کہا کہ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ  تہران سے واپس آتے ہی دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر عملدرآمد کو آگے بڑھانے کی غرض سے خصوصی کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔ 
 


خبر کا کوڈ: 471292

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/471292/ایران-شروع-ہی-سے-افغانستان-کے-عوام-اور-حکومت-ساتھ-ہے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com