تاریخ شائع کریں2020 7 July گھنٹہ 09:42
خبر کا کوڈ : 468402

جاپان میں بارشوں ست تباہ کاریوں کا سلسلہ بدستور جاری

جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں موسلا دھار بارشوں سے سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی
جاپان میں بارشوں ست تباہ کاریوں کا سلسلہ بدستور جاری
جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں موسلا دھار بارشوں سے سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چیف کابینہ سیکریٹری یوشیہائڈ سوگا نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہفتے کے آخر میں سیلاب اور مٹی کا تودہ گرنے سے اب تک 21 افراد ہلاک ہوگئے، دیگر 18 افراد کے زندہ رہنے کے امکانات نظر نہیں آرہے اور ان کی موت کی سرکاری تصدیق سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں جبکہ 13 افراد لاپتا ہیں۔

انہوں نے بارشوں سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سیلف ڈیفنس فورس کے 40 ہزار اہلکار ریسکیو کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یوشیہائڈ سوگا نے کہا کہ لوگوں کے محفوظ انخلا کے مراکز (evacuation centres) بھی ڈس انفیکٹنٹس کی تقسیم کے ذریعے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوشش کررہے ہیں اور لوگوں کو ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کیوڈو نیوز ایجنسی کے مطابق 4 جولائی کو 2 لاکھ افراد کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر پہنچنے کا حکم دیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبررساں ادارے ' اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق کیوشو کے جزیرے میں کوماموتو میں ریسکیو اہلکار لاپتا ہونے والے 14 افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کیوشو میں سیلاب سے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ پل اور گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل نیٹ ورک جے این این کے مطابق ایک عہدیدار نے کہا کہ ٹیبلز اور صوفے سیلاب میں تیر رہے ہیں اور آپ حرکت نہیں کرسکتے۔

جاپان کے وزیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ ریوتا تاکیدا نے بتایا کہ ہم لوگوں کو وائرس کے پھیلاؤ سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور گھروں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے افراد کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ سیلاب گزشتہ برس اکتوبر میں ہگی بس طوفان کے بعد جاپان میں بدترین قدرت آفت ہے جس میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
https://taghribnews.com/vdcdzj0oxyt09o6.432y.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ